تیل کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل: حکومت اور پمپ مالکان کے مذاکرات ناکام، ’رات 12 بجے سے پمپس بند کریں گے‘
منگل 21 جولائی 2026 18:45
حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کی پالیسی پر حکومت اور آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں جس کے بعد ایسوسی ایشن نے آج رات 12 بجے سے ملک گیر ہڑتال اور پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہمایوں خان، وائس چیئرمین نعمان علی بٹ اور دیگر صوبائی عہدیداروں نے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک سے مذاکرات کیے۔ تاہم مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگئے۔
مذاکرات کے بعد پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
چیئرمین ہمایوں خان نے کہا کہ آج وزیرِ پیٹرولیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں انہوں نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، تاہم حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپ ڈیلرز شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ ایک جانب اوگرا اور آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز) ہیں اور دوسری جانب حکومت، جس کے باعث ڈیلرز پر اضافی دباؤ پڑ رہا ہے۔
انہوں نے روزانہ قیمتوں میں ردوبدل کی پالیسی کو "آدھا تیتر آدھا بٹیر" قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام سے جان چھڑانے کے لیے انہیں گمراہ کر رہی ہے اور کاروباری طبقے کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔
ہمایوں خان نے مزید کہا کہ حکومت پالیسی سازی کے دوران اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کرتی، جس پر انہیں افسوس ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آج رات 12 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپ مالکان ہڑتال کریں گے اور پیٹرول پمپ بند رکھے جائیں گے۔
وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے کہا کہ وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کے بجائے ماہانہ بنیاد پر کیا جائے اور پیٹرول پمپ ڈیلرز کے کمیشن کے مسئلے کو بھی حل کیا جائے۔