الشرقیہ ریجن میں گرمی کی لہر، درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا
جمعرات 23 جولائی 2026 23:35
الاحسا، دمام اور وادی الدواسر میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ رہا ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کا الشرقیہ ریجن ان دنوں شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے، موسمیات کے قومی مرکز نے جمعرات کو درجہ حرارت 49 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی وارننگ دی تھی۔
دمام اور ظہران کے ساتھ خفجی، النعریریہ، قریہ العلیا، جبیل، راس تنورہ، قطیف، الخبر، بقیق، العدید، وذ عبلوتن، الاحسا اور گرد و نواح کے علاقے بھی گرمی سے متاثر ہیں۔
جمعرات کو الاحسا، دمام اور وادی الدواسر میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ جبکہ ریاض اور شرورہ میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کئی رہائشیوں نے بتایا وہ اب اپنے کام صبح سویرے یا سورج غروب ہونے کے بعد شیڈول کرتے ہیں۔ دوپہر کے وقت جب درجہ حرارت بلند ترین سطح پر ہوتا ہے، بیرونی سرگرمیوں کو محدود رکھتے ہیں۔
حکام نے ریجن کے رہائشیوں کو مشورہ دیا کہ وہ مناسب مقدار میں پانی کا استعمال کریں، ہلکے رنگ کا لباس پہنیں اور جہاں تک ممکن ہو گھر سے باہر جسمانی مشقت کے کاموں سے گریز کیا جائے۔
عرب نیوز کے مطابق الشرقیہ کے رہائشیوں کے لیے 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب درجہ حرارت اب معمول بن گیا ہے، انہیں روز مرہ کے معمولات تبدیل کرنا پڑتے ہیں۔
الخبر کی رہائشی فاطمہ العتیبی نے کہا کہ ’ان کی فیملی سورج غروب ہونے تک باہر نکلنے سے گریز کرتی ہے۔‘
’ہم نے اپنی روز مرہ کی روٹین مکمل طور پر بدل دی ہے، بچے دن کے وقت گھر میں رہتے ہیں، صرف شام کو اس وقت باہر جاتے ہیں جب موسم قدرے بہتر ہوتا ہے، اس کے باوجود بہت زیادہ گرمی محسوس ہوتی ہے۔‘
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے الشرقیہ ریجن کے بیشتر علاقوں میں موسم گرما کے دوران گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ شہری اور رہائشی موسمیاتی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں اور متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات پر عمل کریں۔
