مسجد نبوی میں سفید تھاسوس سنگ مرمر، درجہ حرارت کم رکھنے میں مددگار
تھاسوس ماربل اپنے چمکدار سفید رنگ کی وجہ سے مشہور ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے حرمین شریفین نے کہا ہے کہ مسجد نبوی کی چھت اور بیرونی صحنوں میں ایک لاکھ 17 ہزار مربع میٹر رقبے پر سفید تھاسوس سنگ مرمر کا استعمال کیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ سنگ مرمر ماحول کے درجہ حرارت کم کرنے میں مدد دیتا ہے جس سے زائرین اپنے قدموں کے نیچے ٹھنڈک محسوس کر سکتے ہیں۔
سفید سنگ مرمر کو مسجد نبوی کے مختلف مقامات، چھت کی پہلی اور دوسری سعودی توسیع اور اندرونی و بیرونی صحن میں استعمال کیا گیا ہے۔
ماربل کی کٹنگ بھی انتہائی مہارت سے کی گئی ہے جس سے اس کی خوبصورتی نمایاں ہوتی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق ’تھاسوس‘ ماربل اپنے چمکدار سفید رنگ کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہ سورج کی شعاعوں کو جذب کرنے کے بجائے منعکس کرنے اور ماربل کو ٹھنڈا رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس خصوصیت کی وجہ سے یہ ماربل مسجد نبوی کے بیرونی صحنوں کے لیے موزوں ہے۔
حج و عمرہ سیزن کے دوران لاکھوں فرزندانِ اسلام یہاں آتے ہیں اور نماز ادا کرتے ہیں۔ اس دوران انہیں دن کے وقت ٹھنڈے ماربل کی وجہ سے شدید گرمی کا احساس نہیں ہوتا۔

سنگ مرمر کی مسلسل پالش، صفائی اور سینیٹائزنگ بھی کی جاتی ہے۔ اس کے لیے محفوظ اور ماحول دوست مواد استعمال کیے جاتے ہیں۔
یہ اقدام اس توجہ اور نگہداشت کی عکاسی کرتا ہے جو مملکت دونوں مقدس مساجد کے لیے کر رہی ہے۔
