کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج: ’میرا دل توڑ دیا‘، عالیہ بھٹ بھی بول پڑیں
کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج: ’میرا دل توڑ دیا‘، عالیہ بھٹ بھی بول پڑیں
جمعہ 24 جولائی 2026 18:58
عالیہ بھٹ نے کہا کہ ’احتجاج کرنے والے طلبہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک بہتر راستہ ہموار کر رہے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا بھر میں کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی جانب سے طلبہ احتجاج زور شور سے جاری ہے، اور دارالحکومت نئی دہلی اس تحریک کا مرکز بنا ہوا ہے۔
شوبز ویب سائٹ ’بالی وڈ لائف‘ کے مطابق گذشتہ چند روز کے دوران احتجاج نے شدت اختیار کی تو بالی وڈ کی کئی شخصیات نے طلبہ و طالبات سے اظہارِ یکجہتی کیا، اور کچھ فنکار خود احتجاج میں شریک بھی ہوئے۔
اس دوران یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا تھا کہ کئی بڑے اداکار اس اہم معاملے پر تاحال خاموش کیوں ہیں۔ انہی میں سے ایک نام اداکارہ عالیہ بھٹ کا بھی تھا، جنہوں نے جمعے کو اپنی خاموشی توڑ دی۔
عالیہ بھٹ نے بالآخر کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی جانب سے طلبہ کے احتجاج پر خاموشی توڑتے ہوئے ایک جذباتی بیان کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کیا۔
بالی وڈ سٹار نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں لکھا کہ ’گذشتہ چند روز کے واقعات نے میرا دل توڑ بھی دیا اور پھر امید کے ساتھ جوڑ بھی دیا۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’طب (میڈیسن) کے شعبے میں آنے والے طلبہ اپنے خواب پورے کرنے کے لیے بے شمار قربانیاں دیتے ہیں۔‘
’ہر وہ طالب علم جو اپنے حق کے لیے ڈٹا ہوا ہے، وہ صرف اپنی نمائندگی نہیں کر رہا بلکہ اپنے خاندان کی امیدوں، خوابوں اور ان تمام قربانیوں کی بھی نمائندگی کر رہا ہے جو اس کی کامیابی کے لیے دی گئی ہیں۔‘
عالیہ بھٹ نے اس حوالے سے یہ بھی کہا کہ ’احتجاج کرنے والے طلبہ و طالبات آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک بہتر راستہ ہموار کر رہے ہیں۔‘ نوجوانوں کا احتجاج شروع کیسے ہوا؟
یاد رہے کہ انڈیا میں عوامی غصہ اُس وقت بڑھ گیا جب کئی امتحانات میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جن میں میڈیکل داخلے لیے ہونے والے امتحان کا پرچہ افشا ہونا اور ہائی سکول طلبہ کے لیے آن لائن مارکنگ سسٹم میں مسائل شامل ہیں۔
کاکروچ جنتا پارٹی اور حکومت کے درمیان جمعے کو ہونے والے مذاکرات ناکام رہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سوشل میڈیا پر چلنے والی ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ احتجاج کی قیادت کر رہی ہے اور وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان سے ناکامیوں پر استعفیٰ دینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
جمعرات کی رات گئے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’ان کی کابینہ جمعے کو ایسے اقدامات پر غور کرے گی جن سے امتحانی پرچوں کے افشا کرنے والوں کے خلاف عدالتی کارروائی تیز ہو سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کابینہ کے ساتھیوں کی تجاویز شامل کرنے کے بعد مسودہ قانون کو اس کی آخری شکل دی جائے گی۔‘
نریندر مودی نے مزید کہا کہ ’ہم پوری کوشش کریں گے کہ بل کو جلد سے جلد ایوان میں پیش کر کے منظور کرایا جائے۔‘
اس حوالے سے جمعے کو حکومت اور نوجوان مظاہرین کے نمائندوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہو گئے۔
ان مذاکرات میں حکومت کے سینیئر وزرا جے پی نڈا اور جتندرا سنگھ نے کاکروچ جنتا پارٹی کے نمائندوں سے مذاکرات کیے، تاہم مظاہرین نے وزیر تعلیم کے استعفے کے مطالبے سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا۔