’فضائی روابط مزید مستحکم‘: ریاض ایئر کی پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی
ریاض ایئر کی لاہور کے لیے پروازوں کا آغاز 18 اگست سے ہوگا ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے جمعہ 14 اگست سے اسلام آباد کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کیا ہے۔
ریاض ایئر کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کے مطابق یہ ایشیا میں نیٹ ورک کی توسیع اور ریاض کو دنیا بھر کے اہم مقامات سے جوڑنے کی جانب ایک نیا قدم ہے۔
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان یومیہ پروازیں جدید بوئنگ 787-9 ڈریم لائنز کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں۔
ریاض ایئرپورٹ پر افتتاحی پرواز کی روانگی کے وقت تقریب میں سفیر پاکستان احمد فاروق اور ریاض ایئر کے حکام موجود تھے۔
افتتاحی پرواز 65 مسافروں کے ساتھ جمعے کی رات سات بجکر 42 منٹ پراسلام آباد پہنچی تو ٹرمینل کی جانب بڑھتے ہوئے اسے واٹرکینن سیلوٹ پیش کیا گیا۔
اسلام آباد میں سعودی سفیر نواف المالکی، پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے اعلی حکام اس موقع پر تقریب میں موجود تھے۔
سعودی سفیر نواف المالکی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات اور فضائی روابط کو مزید مستحکم کرنے میں ریاض ایئر کی سروس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

یاد رہے ریاض ایئر کی لاہور کے لیے بھی ہفتے میں تین پروازیں شیڈول کی گئی ہیں جن کا آغاز 18 اگست سے ہوگا۔
ریاض ایئر کے پاکستان میں باضابطہ طور پر آپریشنز کے آغاز سے سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لیے سفر کے مزید مواقع میسر آئیں گے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت، تجارت اور عوامی رابطوں کو بھی فروغ ملے گا۔
ایئر لائن کے مطابق نئے روٹس اس کی توسیعی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد دارالحکومت ریاض کو دنیا کے اہم اقتصادی، سیاحتی اور ثقافتی مراکز سے مزید مؤثر انداز میں منسلک کرنا ہے۔
ریاض ایئر کے بیڑے میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیبن، بہتر سفری سہولتیں اور عالمی معیار کی مہمان نوازی کی خدمات شامل ہیں، ان کا مقصد مسافروں کو ایک منفرد اور مکمل سفری تجربہ فراہم کرنا ہے۔