ریاض ایئر نے ڈھاکا کے لیے بھی یومیہ پروازیں شروع کر دیں
یومیہ پرواز 787-9 ڈریم لائنز طیارے کے ذریعے چلائی جائے گی ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کیا ہے۔
ریاض ایئر کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کے مطابق ڈھاکا کے لیے یومیہ سروس، ایشیا میں عالمی نیٹ ورک میں ایک اور نئی منزل کا اضافہ ہے۔
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ڈھاکا کے شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان یومیہ پرواز 787-9 ڈریم لائنز طیارے کے ذریعے چلائی جائے گی۔
ریاض ایئر کی پہلی پرواز نے ڈھاکا ایئر پورٹ پر لینڈ کیا تو اسے واٹر کینن کی سلامی دی گئی، اس موقع پر ہونے والی تقریب میں سعودی عرب اور بنگلہ دیش کے ایوی ایشن سیکٹر اور ریاض ایئر کے حکام موجود تھے۔
یاد رہے ڈھاکا، سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی کی نویں منزل ہے۔
اس سے قبل ریاض ایئر نے پاکستان اور فلپائن کے لیے نئی پروازوں کا اعلان کیا تھا۔ اسلام آباد کے لیے پہلی پرواز 14 اگست جبکہ لاہور کے لیے 18 اگست کو روانہ ہوگی۔ منیلا کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز 9 ستمبر 2026 سے کیا جائے گا۔

ایئر لائن کے مطابق نئے روٹس اس کی توسیعی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد دارالحکومت ریاض کو دنیا کے اہم اقتصادی، سیاحتی اور ثقافتی مراکز سے مزید مؤثر انداز میں منسلک کرنا ہے۔ریاض ایئر کے جدید بیڑے میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیبن، بہتر سفری سہولتیں اور عالمی معیار کی مہمان نوازی کی خدمات شامل ہیں، ان کا مقصد مسافروں کو ایک منفرد اور مکمل سفری تجربہ فراہم کرنا ہے۔
