قویٰ پلیٹ فارم پر تین ماہ میں 4 لاکھ 19 ہزار ملازمت کے معاہدے دستاویز
2 لاکھ 58 ہزار 829 نئے سعودی بینیفیشری پلیٹ فارم سے منسلک ہوئے ( فوٹو: شٹر سٹاک)
سعودی وزارت افرادی قوت نے کہا ہے کہ قویٰ پلیٹ فارم نے اس سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران 30 لاکھ سے زائد خدمات ریکارڈ کی ہیں۔
سعودی لیبر مارکیٹ کی ترقی کے ساتھ وژن 2030 کے اہداف کے مطابق کاروباری اداروں اور افراد کے لیے ڈیجیٹل خدمات کی کارکردگی بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
وزارت، لیبر مارکیٹ کو مضبوط بنانے اور قومی ٹیلنٹ کو با اختیار بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ دوسری سہ ماہی میں سعودی شہریوں کے لیے 4 لاکھ 19 ہزار381 ملازمت معاہدے دستاویز کیے گئے جبکہ 2 لاکھ 58 ہزار 829 نئے سعودی بینیفیشری پلیٹ فارم سے منسلک ہوئے۔
یہ اعداد وشمار ڈیجیٹل خدمات کے بڑھتے ہوئے استعمال کو ظاہر کرتے ہیں۔ ملازمت کے معاہدوں کو دستاویز کرنے کے ساتھ فریقین کے حقوق کا تحفظ، آجر اور اجیر کے درمیان ذمہ داریوں کی وضاحت، ایمپلائمنٹ ریلیشن شپ میں اعتماد اور شفافیت کو بڑھانا شامل ہے۔
دوسری سہ ماہی کے دوران پروفیشنل دستاویزات کی خدمات کے حوالے سے قویٰ پلیٹ فارم نے ایک لاکھ 63 ہزار 349 سیلری سرٹیفکیٹس اور سعودیوں کے لیے 63 ہزار 736 ایکسپیریئنس سرٹیفکیٹس جاری کیے۔
سعودائزیشن کے حوالے سے قویٰ پلیٹ فارم نے سعودائزیشن کی درکار ریکوائرمنٹ پوری کرنے والے اداروں کو 72 ہزار 407 سرٹیفکیٹس جاری کیے۔
واضح رہے وزارت افرادی قوت کی جانب سے نجی شعبے میں آجر و اجیر کے معاملات کو بہتر بنانے کے لیے ملازمت کے معاہدوں کی تصدیق قوی پلیٹ فارم کے ذریعے کرنے کا سسٹم جاری کیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد فریقین کے حقوق و فرائض کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
