Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجی کمپنیاں ڈیوٹی کے ضوابط ’قوی پلیٹ فارم‘ پر جاری کرنے کی پابند

آجر اور اجیر کے  درمیان ڈیوٹی کے حوالے سے اختلافات ہوتے ہیں(فائل فوٹو سبق)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے پرائیویٹ سیکٹر کے اداروں اور کمپنیوں سے کہا ہے کہ ’وہ ڈیوٹی کے ضوابط  جاری کریں اور ان کی پابندی کی جائے۔ ڈیوٹی ضوابط ’قوی پلیٹ فارم‘ پر جاری کیے جائیں۔‘ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے بیان میں کہا کہ ’آجر اور اجیر کے  درمیان ڈیوٹی کے حوالے سے اختلافات ہوتے ہیں۔ اس کے سدباب کے لیے نجی اداروں اور کمپنیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے کہ وہ ڈیوٹی اوقات کے ضوابط باقاعدہ قوی پلیٹ فارم پر جاری کریں۔‘
وزارت نےکہا کہ ’ڈیوٹی کو منظم کرنے کے ضوابط دو طرح کے ہیں۔ مثالی ضوابط ہیں جن پرعمل درآمد کے  لیے منظوری درکار نہیں ہوتی۔ ایسے ضوابط کا اجرا اور منظوری قوی پلیٹ فارم پر فی الفور ممکن ہے، یہ ضوابط ایسے اداروں کے لیے ہیں جن کے کارکنان کی تعداد 50 سے کم ہوتی ہے۔‘
’اس طرح کے اداروں کے لیے ڈیوٹی ضوابط میں معمولی ترمیم کا اختیار ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر چھٹی کے دن، متعلقہ کیلنڈر، ڈیوٹی کے ایام وغیرہ۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’ڈیوٹی کو منظم کرنے والے دوسرے ضوابط خاص ضوابط کہلاتے ہیں۔ ان کا اجرا 50 اور اس سے زیادہ ملازم والے اداروں کے لیے لازمی ہوتا ہے۔‘
’ادارے خصوصی ضوابط میں شرائط اور دفعات کا اضافہ کرسکتے ہیں مثلاً الاؤنس سسٹم، سالانہ اضافہ، خلاف ورزیوں کی نشاندہی اور ان پر تادیبی کارروائی وغیرہ بشرطیکہ یہ ساری ترامیم قانون محنت اور لائحہ عمل کے  منافی نہ ہوں۔‘

شیئر: