پاکستانی سفیر احمد فاروق سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر کی ملاقات
فٹبال کے فروغ کے لیے اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر محسن گیلانی نے ریاض میں پاکستان کے سفیر جناب احمد فاروق سے ملاقات کی ہے۔
ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان میں فٹبال کے فروغ اور ترقی کے لیے باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سعودی عرب میں متعلقہ اداروں اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ممکنہ تعاون اور روابط بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی تاکہ پاکستان کے فٹبال ایکو سسٹم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور کھلاڑیوں و سپورٹس اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی نے سفیر احمد فاروق کو قومی اور گراس روٹس سطح پر فٹبال کے فروغ کے لیے جاری اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔
سفیر احمد فاروق نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سپورٹس کے شعبے میں مزید تعاون اور روابط کے فروغ کے لیے تعاون کا یقین دلایا۔
اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سپورٹس خصوصا فٹبال، پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں برادر ملکوں کے دیرینہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہو سکتا ہے۔
