سعودی وزیر سے سفیر پاکستان کی ملاقات، ’بنان 2025‘ کا دورہ کیا
جمعرات 20 نومبر 2025 20:23
قونصلر تعلقات اور انہیں بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔(فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کے نائب وزیر برائے قونصلر امور ایھاب بن محمد النجار سے جمعرات کو ریاض میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے ملاقات کی ہے۔
وزارت خارجہ کے ایکس اکاونٹ پر بیان کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان قونصلر تعلقات اور انہیں بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں سفیر پاکستان نےسعودی بین الاقوامی ہفتۂ دستکاری ( بنان) 2025 کا دورہ کیا اور وہاں موجود دستکاری اور نمائش کا جائزہ لیا۔
پاکستان بھی اس ایونٹ میں شریک ہے۔ زیورات، دستکاری اور خطاطی کے نمایاں کام کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

سعودی بین الاقوامی ہفتۂ دستکاری ایک اہم ثقافتی پروگرام ہے جو مقامی اور عالمی دستکاریوں کو فروغ دیتا ہے۔
اس کا مقصد روایتی ہنر کو بحال کرنا، انہیں آج کے دور کے مطابق خوبصورت انداز میں پیش کرنا، مملکت کی ثقافتی شناخت کو دکھانا اور بڑھتی ہوئی تخلیقی معیشت کی مدد کرنا ہے۔
