Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارشوں نے جازان کے پہاڑوں کا حسن مزید نکھار دیا

بارشوں نے پہاڑی علاقوں میں نباتات کی نشوونما کو نئی زندگی اور تازگی بخش دی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
بارشوں نے جازان ریجن کے پہاڑوں کو ایک دلکش قدرتی منظرنامے میں بدل دیا ہے۔ پہاڑی ڈھلوانیں اور سیڑھی دار کھیت سبزے سے ڈھک گئے ہیں جبکہ ہر سو پھیلی ہریالی نے علاقے کے حسن کو مزید نکھار دیا ہے۔
پہاڑوں کی چوٹیوں اور بلند مقامات پر دھند چھائی ہوئی ہے جبکہ وادیوں میں پانی بہنے لگا ہے جو خطے کی قدرتی خوبصورتی اور متنوع ماحولیاتی منظرنامے کو مزید نمایاں کر رہا ہے۔
موسمی بارشوں سے زمین سیراب ہو گئی ہے۔ ڈھلوانوں اور چٹانوں کے درمیان جنگلی پودے لہلہانے لگے ہیں۔ بارشوں نے پہاڑی علاقوں میں نباتات کی نشوونما کو نئی زندگی اور تازگی بخش دی ہے۔
جازان ریجن مقامی پودوں کی 163 سے زائد انواع کا مسکن ہے جو بلند و بالا پہاڑوں، ڈھلوانوں، وادیوں، میدانی علاقوں اور ساحلی خطوں سمیت مختلف ماحولیاتی ماحول میں پھیلی ہوئی ہیں۔
بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کے ساتھ پہاڑوں اور ماحولیاتی نظام کے مناظر روز بروز نکھر رہے ہیں جو جازان کے قدرتی تنوع کو اجاگر کرتے ہیں۔

یہاں فطرت، زراعت اور قدرتی حسن یکجا ہیں جو اسے سیاحوں کے لیے ایک بہترین منزل بناتے ہیں۔
واضح رہے وادی جازان کا شمار ان نمایاں قدرتی مقامات میں ہوتا ہے جہاں سال بھر سیاحوں کو تفریح کے مواقع میسر رہتے ہیں۔ خاص کر متعدل موسم میں یہ مقام تفریح کرنے والوں کی پسندیدہ منزل بن جاتا ہے۔

سیاح اور فیملیز وادی جازان میں دلکش اور پُرسکون ماحول سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ مختلف عمر کے افراد وادی کے اطراف قائم تفریحی مقامات پر وقت گزارتے ہیں۔
حالیہ برسوں میں وادی کے اطراف بنیادی سہولتوں کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ مختلف ترقیاتی منصوبوں کے تحت واکنگ ٹریکس، سڑکوں کے نیٹ ورک میں توسیع اور دیگر ضروری خدمات کی فراہمی سے سیاحوں کے مجموعی تجربے کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

 

شیئر: