سعودی عرب کے کئی علاقوں میں جمعے سے منگل تک بارش کا امکان
جمعرات 20 اگست 2026 21:10
قومی مرکز نے سیلابی صورتحال کی بھی پیشگوئی جاری کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات نے مملکت کے کئی علاقوں میں جمعے سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا جازان، الباحہ نجران اور عسیر کے بعض علاقوں میں درمیانے درجے سے شدید بارش متوقع ہے۔ جمعے اور سنیچر کو موسمی صورتحال میں شدت آنے کا امکان ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن کے کئی علاقوں میں درمیانے درجے سے شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ریاض ریجن کے بعض علاقے درمیانے درجے کی بارش کی زد میں رہیں گے۔ سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
مدینہ اور الشرقیہ ریجن میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے بیان میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
’سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔‘
بیان میں شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا گیا وہ سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے جاری کردی ہدایات پر عمل کریں۔
