Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سرکاری دورے پر فرانس روانہ

صدر میکخواں سعودی ولی عہد کا دو روزہ سرکاری دورے پر استقبال کریں گے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان جمعے کو سرکاری دورے پر فرانس روانہ ہوگئے۔
ایس پی اے کے مطابق ایوان شاہی سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات اور فرانسیسی صدر کی جانب سے دی گئی دعوت کے جواب میں ولی عہد فرانس کے دورے پر روانہ ہوئے ہیں۔
اس سے قبل عرب نیوز نے فرانسیسی صدارتی محل ایلیزے پیلس سے جاری ایک بیان کے حوالے سے بتایا تھا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں اتوار کے روز سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا دو روزہ سرکاری دورے پر استقبال کریں گے۔
یہ دورہ دسمبر 2024 میں صدر میکخواں کے سعودی عرب کے دورے کے تسلسل میں ہو رہا ہے۔
ایلیزے پیلس کے مطابق، ’یہ دورہ سعودی عرب اور فرانس کے درمیان جاری مضبوط مکالمے کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے سٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ اسی مقصد کے تحت صدر میکخواں اور ولی عہد محمد بن سلمان پہلی بار فرانکو-سعودی سٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنما فرانس اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور تزویراتی شراکت داری سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ اور قریبی خطے کی اہم علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو ہوگی۔ بیان کے مطابق ایسے وقت میں فرانس اور خلیجی شراکت داروں کے درمیان قریبی رابطہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔
صدر میکخواں اور ولی عہد محمد بن سلمان اتوار کو ای اسپورٹس ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جو اپنے قیام کے بعد پہلی مرتبہ سعودی عرب سے باہر پیرس میں منعقد ہو رہی ہے۔

 

شیئر: