سعودی سفارتخانے کا دمشق میں ویزہ آفس کھولنے کا اعلان
کارگو اور ٹرانسپورٹیشن سے متعلق درخواستیں بھی وصول کی جائیں گی۔( فوٹو: ایس ہی اے)
شام میں سعودی سفارتخانے نے دارالحکومت دمشق میں ایک ویزہ آفس کھولنے کا اعلان کیا ہے جہاں تمام ویزہ درخواستوں کے ساتھ کارگو اور ٹرانسپورٹیشن سے متعلق درخواستیں بھی وصول کی جائیں گی۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی سفارتخانے نے بتایا ’یہ اقدام سعودی عرب اور شام کی حکومتوں کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی مشترکہ کوششوں کا حصہ ہے۔‘
یہ شام کی معیشت کی بحالی میں معاونت اور اہم اقتصادی چیلنجوں سے نمنٹے کے لیے شامی حکومت کی کوششوں کی سپورٹ کے لیے مملکت کی جاری کوششوں کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
افتتاحی تقریب میں وزارت خارجہ کی نمائندگی ایمبیسڈر فہد بن سالم ابو ثنین نے کی۔ شام میں ناظم الامور عبداللہ الحریص، شام کی وزارت خارجہ، وزارت سیاحت، وزارت مذہبی اوقاف اور وزارت سماجی امور کے نمائندے بھی موجود تھے۔

یاد رہے گزشتہ برس سعودی عرب نے شام کے ساتھ 6.4 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے جو جنگ سے تباہ حال ملک کی تعمیر نو کے لیے مملکت کی کوششوں میں ایک اہم قدم ہے۔
