سعودی عرب اور فرانس کے درمیان سپورٹس کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ
پیرس میں دونوں ملکوں کے وزرائے سپورٹس نے معاہدے پر دستخط کیے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت سپورٹس نے اتوار کو پیرس میں فرانسیسی وزارت سپورٹس کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان سپورٹس کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانا، مشترکہ کام کے دائرہ کار کو وسعت دینا، مہارت اور تجربات کا تبادلہ کرنا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ای سپورٹس ورلڈ کپ 2026 کی اختتامی تقریب کے موقع پر سعودی وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی اور فرانسیسی ہم منصب مارینا فیری نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان سپورٹس کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک عمومی فریم ورک تشکیل دیتا ہے جس میں متعلقہ اداروں اور تنظیموں کے درمیان پروگراموں اور مہارتوں کا تبادلہ، سپورٹس پرسنل ڈیولپمنٹ، دونوں ملکوں کی میزبانی میں ہونے والی کانفرنسوں، سیمینار اور سپورٹس ایونٹس میں شرکت میں اضافہ شامل ہے۔
اس کے علاوہ ایلیٹ سپورٹس، ای سپورٹس، گراس روٹس سپورٹس، سپورٹس سائنس، سپورٹس میڈیسن اور سپورٹس لا کے شعبوں میں کوچز، ماہرین اور ریسرچرز کے درمیان مہارتوں کے تبادلے اورتعاون کو بھی کور کیا گیا ہے۔
یہ ایم او یو سعودی عرب اور فرانس کے درمیان مضبوط تعلقات، سپورٹس اداروں اور تنظمیوں کے درمیان سپورٹس کے شعبے میں تعاون اور مشترکہ کام کے مواقع بڑھانے کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔