Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر اطلاعات کی فرانس میں موجود میڈیا وفد سے ملاقات

 سٹریٹیجک شراکت داری مضبوط بنانے کے لیے دورے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے اتوار کو پیرس میں میڈیا وفد سے ملاقات کی ہے جو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ فرانس میں ان کے ہمراہ ہے۔
 سلمان الدوسری نے سعودی عرب اور فرانس کے درمیان جامع سٹریٹیجک شراکت داری کو مضبوط بنانے، اپنی سیاسی اور اقتصادی صلاحیتوں کو مشترکہ مفادات کے لیے بروئے کار لانا کے حوالے سے اس دورے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ایس پی اے کے مطابق انہوں نے اس دورے میں میڈیا وفد کے کردار، اس کی وسیع کوریج اور سعودی ولی عہد کے دورے کی رپورٹنگ کی تعریف کی۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر اطلاعات نے فرانس میں مقیم عرب صحافیوں سے بھی ملاقات کی جو مختلف میڈیا اداروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
سلمان الدوسری نے سعودی عرب اور فرانس کے بڑھتے ہوئے تعلقات کے تناظر میں سعودی ولی عہد کے دورے کی اہمیت کے ساتھ سٹریٹیجک پارٹنر شپ کونسل کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد تعلقات میں پیش رفت کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران پروگرام کے اہم پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان فرانس کے سرکاری دورے پر ہیں۔
سعودی ولی عہد شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات اور فرانسیسی صدر کی جانب سے دی گئی دعوت کے جواب میں فرانس کے دورے پر روانہ ہوئے ہیں۔

 عرب نیوز نے فرانسیسی صدارتی محل ایلیزے پیلس سے جاری ایک بیان کے حوالے سے بتایا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں اتوار کے روز سعودی ولی عہد  کا دو روزہ سرکاری دورے پر استقبال کریں گے۔
یہ دورہ دسمبر 2024 میں صدر میکخواں کے سعودی عرب کے دورے کے تسلسل میں ہو رہا ہے۔

 

شیئر: