فوڈ سکیورٹی میں تعاون: سعودی وزیر عبدالرحمٰن الفضلی کا دورۂ پاکستان
دورے کا مقصد خوراک کی پیداوار میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی وزیر ماحولیات، پانی اور زراعت انجینیئر عبدالرحمٰن الفضلی خوراک کی پیداوار میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے بدھ کو سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق اس دورے میں آبپاشی اور پانی کے نظام کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے طریقے بھی تلاش کیے جائیں گے۔ فوڈ سکیورٹی کو مضبوط بنانے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی ترقی میں مدد کریں گے۔
دورے کے دوران سعودی وزیر اور ان کے ہمراہ وفد کی حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ تعاون کے شعبوں کو ترقی دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ان ملاقاتوں میں ایگریکلچرل اور لائیو سٹاک پروڈکشن، فوڈ پروسیسنگ میں اہم مواقع کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ تجربات اور مہارت کے تبادلے پر بھی بات ہوگی تاکہ زرعی شعبے کی پائیداری کو سپورٹ کیا جا سکے۔
اس دورے کا مقصد سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون کے شعبوں کو وسعت دینے کے ساتھ فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں باہمی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا بھی ہے۔
یہ کوششیں ان مقاصد کو سپورٹ کرتی ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
اس سے قبل پاکستانی وزارت اقتصادی امور و سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بتایا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے زرعی و غذائی مصنوعات کی تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان گوشت، چاول، پراسیسڈ فوڈ اور جانوروں کی خوراک سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر احد چیمہ کا کہناتھا سعودی وزیر برائے ماحولیات، پانی و زراعت عبدالرحمن الفضلی کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان زرعی و غذائی تجارت میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری و مشترکہ منصوبوں کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے انتہائی اہم ہوگا۔
