Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایکسپو 2030 ریاض: سعودی عرب نے پیرس میں ’سی ایگریمنٹ‘ پر دستخط کر دیے

سعودی وزیر خارجہ اور بیورو انٹرنیشنل دی ایکسپوزیشنز نے دستخط کیے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اور بیورو انٹرنیشنل ایکسپوزیشن (بی آئی ای) نے منگل کو پیرس میں ایک ’سی ایگریمنٹ‘ پر دستخط کیے ہیں۔
اس کا مقصد ایکسپو 2030 ریاض میں ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کی شرکت کو منظم کرنے والا قانونی اور انتظامی فریم ورک کو مضبوط بنانا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ معاہدہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ فرانس کے موقع پر کیا گیا ہے۔
معاہدے پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور بیورو انٹرنیشنل دی ایکسپوزیشنز کے سیکرٹیری دیمتری کرکینٹز  نے دستخط کیے۔ اس موقع پر ایکسپو 2030 ریاض کے سی ای او طلال المری بھی موجود تھے۔
یہ معاہدہ ایکسپو 2030 ریاض میں ملکوں اور بین الاقوامی تنظیموں کی شرکت کے لیے ایک واضح  فریم ورک فراہم کرتا ہے جو ڈیزائن، تعمیر اور آپریشن کے مختلف مراحل اور تیاریوں کو آگے بڑھانے میں مدد فراہم کرے گا۔

معاہدے میں ممالک بین الاقوامی تنظیموں اور ان کی ورک ٹیموں کی شرکت سے متعلق عملی پہلوؤں کو منظم کیا گیا ہے۔ اس میں سفری اور ویزہ انتظامات، ٹیکس کسٹم میں سہولت، ٹرانسپورٹیشن کی خدمات، تیکنیکی  اورانتظامی امور شامل ہیں۔
 یاد رہے کہ ایکسپو 2030 ریاض کمپنی نے معروف برطانوی کمپنی بُورو ہوپلڈ کے ساتھ ’ریاض ایکپسو2030 ‘ کا تفصیلی ماسٹر پلان تیار کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔
ماسٹر پلان میں بُورو ہوپلڈ، ریاض ایکسپو کے بنیادی ڈھانچے کا ڈیزائن، لینڈ سکیپنگ اور سہولتوں سے متعلقہ پروجیکٹ کی سربراہی کرتے ہوئے مشاورت کا کام کرے گی۔

اس اقدام سے یہ یقینی بن جائے گا کہ ’ریاض ایکپسو2030 ‘ کی سائٹ جدید تقاضوں کے اعلٰی ترین معیار کو سامنے رکھ کر تیار کی جائے گی جو پائیداری اور عملی کارکردگی کی بہترین مثال کی طور پر سامنے آئے گی۔
توقع ہے کہ ’ریاض ایکپسو2030 ‘ میں 197 ممالک شرکت کریں گے اور خیال کیا جاتا ہے کہ تقریبا چھ ملین سکوائر میٹر کی سائٹ اور یہاں ہونے والے ایونٹس کو دیکھنے کے لیے 42 ملین دورے ہوں گے۔

 

شیئر: