نالج کا تبادلہ: ریاض اور بلغراد ایکسپو نے تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیے
تعاون اور مہارت کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرے گا۔( فوٹو: ایس پی اے)
ریاض ایکسپو 2030 اور بلغراد ایکسپو 2027 کے درمیان نالج کے تبادلے اور آبزرور پروگرام کے حوالے سے تعاون کا معاہدہ طے پایا ہے۔
یہ معاہدہ ریاض میں ہونے والے ورلڈ ایکسپو اور بلغراد میں سپیشلائزڈ ایکسپو کی انتظامی ٹیموں کو باہم سیکھنے، تعاون اور مہارت کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس معاہدے کے تحت دونوں ٹیموں کے لیے منصوبہ بندی، آپریشنل تیاری، ایونٹ کے انعقاد اور لیگیسی ڈیولپمنٹ جیسے شعبوں میں تجربات، بصیرت اور بہترین طریقوں کا تبادلہ ممکن ہو سکے گا۔
اس کے علاوہ ایکسپوز کی میزبانی کی تیاری کے دوران یہ اقدام ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور مسلسل مکالمے کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے اداروں کے نمائندے مطالعاتی دوروں، مشاہداتی پروگرام، ورکشاپس، ماہرین کے تبادلے اور دیگر مشترکہ سرگرمیوں میں شرکت کریں گے، جن کا مقصد آپریشنل تجربات اور بہترین طریقہ کار کا تبادلہ ہے۔

ریاض ایکسپو 2030 کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طلال المری کا کہنا ہے’ یہ معاہدہ ایکسپو کے تعاون پر مبنی روایت کا عکاس ہے۔ منتظمین کی مہارتوں اور معلومات کا تبادلہ موثر طریقے سے عمل درآمد کو یقینی بنانے اور ایکسپو نظام میں مہارتوں کی مسلسل منتقلی کے لیے اہم ثابت ہوگا۔
بلغراد ایکسپو 2027 کے مقام کے دورے کے دوران طلال المری نے تعمیراتی تیاری کے امور اور پیش رفت کو سراہا اور ایکسپو کی میزبانی کے لیے جاری کاموں کا قریب سے جائزہ لیا۔
بلغراد ایکسپو کے ڈائریکٹر دانیلوییرینیچ کا کہنا تھا’ یہ معاہدہ ایکسپو کے ورثے، بین لاقوامی شرکا اور عالمی پلیٹ فارم کے مستقبل کے حوالے سے مشترکہ ذمہ داری کی عکاسی کرتا ہے۔‘

ایکسپو کا سب سے اہم ورثہ وہ علم و تجربات ہیں جو ان کے منتظمین حاصل کرتے ہیں، بلغراد ایکسپو 2027 اس حوالے سے ایک منفرد موقع فراہم کرے گا تاکہ یہ مہارتیں فیوچر انٹرنیشنل ایونٹس اور ایکسپو تک منتقل کی جاسکیں۔
واضح رہے یہ معاہدہ ایکسپو نظام میں تعاون کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ میزبان شہروں کے مابین تجربات و عملی مہارتوں کے تبادلے کے ذریعے ریاض ایکسپو 2030 کی تیاریوں کو مزید مضبوط بنائے گا، تاکہ سال 2030 میں سعودی عرب دنیا بھر سے آنے والوں کا پرتپاک خیر مقدم کرسکے۔
