Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پائیدار مستقبل کی تعمیر: ایکسپو 2030 ریاض کے ترقیاتی کام اور مستقبل کے منصوبے

اس ایکسپو تک رسائی کے لیے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مخصوص میٹرو سٹیشن بنائے جائیں گے (فوٹو: عرب نیوز)
ریاض میں ہونے والے ایکسپو 2030 کے لیے انتظار کی گھڑیاں جاری ہیں جس کی وجہ سے عوام میں اس کے لیے تجسس پایا جا رہا ہے اور اس میں چار کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کی امید کی جا رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سائٹ پر جا کر دیکھا گیا ہے کہ اس عالمی نمائش کی تیاریاں اب اپنے ابتدائی کھدائی کے مراحل سے آگے بڑھ رہی ہیں اور تعمیراتی کاموں میں تیزی لائی جا رہی ہے۔
ایکسپو 2030 ریاض کے چیف ڈیلیوری آفیسر مراد السید نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’نمائش کے بعد کے لیگسی فیز کے لیے انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ لیگسی سٹیج کے پہلے مرحلے میں الیکٹرک ورک، پانی کے سسٹم اور ڈیٹا اور کمونیکیشن نیٹ ورک پر کام جاری ہے۔ سینٹرل ایریا جہاں مرکزی ایونٹ ہوگا اسے سب سے آخر میں تعمیر کیا جائے گا۔‘
ایکسپو 2030 ریاض کا 95 فیصد حصہ ریاض میں گلوبل ولیج کے طور پر دوبارہ سے عمل میں لایا جائے گا جو ورلڈ ایکسپو کی طرز پر بنایا جائے گا۔
ایکسپو 2030 ریاض کے سی ای او طلال المری کہتے ہیں کہ ’ریاض 2030 میں 197 ثقافتوں، ممالک، خیالات اور مہارتوں کے لیے ایک مرکز بن جائے گا۔ یہ گلوبل ولیج رہائش، کاروبار، تفریح، تعلیم اور ثقافت کا ایک بہترین امتزاج ہوگا جو مقامی لوگوں اور وزیٹرز کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گا۔‘
ایکسپو 2030 ریاض ’فورسائٹ فار ٹومارو‘ کی تھیم کے تحت بنایا جائے گا جو کے جدید ایجادات، پائیداری اور بین الاقوامی تعاون کے لیے عالمی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔
یہ پروجیکٹ چار کروڑ 20 لاکھ وزیٹرز کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے جہاں اکتوبر 2030 سے 2031 مارچ تک 197 ممالک سے شرکاء شرکت کریں گے۔

یہ ایکسپو سائٹ 60 لاکھ مربع میٹر پر پھیلی ہوگی جس میں سے 40 لاکھ حصہ لاجسٹک اور سروس ایریا کے طور پر استعمال کیا جائے گا اور 20 لاکھ کا حصہ گیٹڈ ایریا کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
اس ایکسپو تک رسائی کے لیے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مخصوص میٹرو سٹیشن بنائے جائیں گے جو ایئرپورٹ سے براہ راست ایکسپو گراؤنڈ تک عوام کو لائیں گے۔
کنگ سلمان روڈ کو بڑھایا جا رہا ہے جس سے ایکسپو تک رسائی بہتر ہوگی جبکہ روشن اور کنگ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک بھی رسائی حاصل ہوگی۔

    
 

شیئر: