Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حائل کا السرور میوزیم، قدیم طرزِ زندگی کا ایک جیتا جاگتا ریکارڈ

حائل کا خطہ بھرپور تاریخ اور سماجی ورثے کا حامل ہے جو قدیم زمانے کے سادہ طرزِ زندگی کی عکاسی کرتا ہے۔ محدود وسائل کے باوجود سماجی یکجہتی اور ثابت قدمی اس طرزِ زندگی کی نمایاں خصوصیات میں شمار ہوتی تھیں۔
ایس پی اے کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ اس ورثے کو محفوظ رکھنے اور اسے نئی نسلوں سے متعارف کرانے کے لیے انفرادی اور اجتماعی کوششیں بھی سامنے آئیں۔
السرور ہسٹوریکل میوزیم (حیر السرور) بھی ایک ایسی ہی کوشش ہے جہاں حائل کی روایتی زندگی کے پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے ایک قدیم محلے کے باقی ماندہ حصے کو بحال اور ترقی دے کر ایک چھوٹے سے قصبے کی شکل دی گئی جو ماضی کو وزیٹرز اور نئی نسلوں کے قریب لاتا ہے۔
یہاں مٹی، کچی اینٹوں اور املج کی لکڑی سے بنی روایتی عمارتیں، تنگ گلیاں اور حائل کا ایک روایتی گھر موجود ہے جس میں مردوں اور عورتوں کے لیے مہمان خانے، بیڈ روم، چھت پر کمرہ، باورچی خانہ، آتش دان اور مویشیوں کا باڑہ بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ یہاں ایک روایتی بازار بھی ہے۔ 25 دکانیں موجود ہیں جہاں کھانے پینے کی اشیا، سبزیاں، گوشت، زرعی آلات، گھریلو سامان، کپڑے اور دیگر اشیا فروخت کی جاتی ہیں۔
اس کے علاوہ حجام اور درزی جیسے روایتی پیشوں، جڑی بوٹیوں اور دیگر روایتی دستکاریوں کی جھلک بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔ ایک مسجد، مدرسہ اور بچوں کے روایتی کھیلوں کے ماڈلز بھی تقریباً نصف صدی قبل کی روزمرہ زندگی کے مناظر کو اجاگر کرتے ہیں۔

یہ میوزیم محض ثقافتی ورثے کا مقام نہیں بلکہ حائل کی تاریخ اور یہاں کے لوگوں کی زندگی کا ایک جیتا جاگتا ریکارڈ بھی ہے۔ یہ سیاحوں کو خطے کی روایتی سماجی اور معاشی زندگی کو جاننے، اس کی سادگی اور ثابت قدمی کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے  جنہوں نے اس قدیم معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔

 

شیئر: