Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آبنائے ہرمز کے راستوں کو ایرانی بارودی سُرنگوں سے صاف کر دیا گیا ہے: امریکی فوج

بریڈ کوپر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی بحری راستے کھلے ہیں اور تجارتی سرگرمیاں زور پکڑ رہی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری راستوں پر بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو کامیابی سے ہٹا دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایڈمرل بریڈ کوپر نے جمعے کو سینٹ کام کی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ بحری راستے ایرانی بارودی سرنگوں سے پاک ہو چکے ہیں جو امریکی فوج کی شاندار کوششوں کا نتیجہ ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ صورت حال انتہائی مشکل اور خطرناک تھی مگر امریکی فوج نے اپنا کام مکمل کر لیا۔
ان کے مطابق ’آج کی صورت حال کا خلاصہ یہ ہے کہ بین الاقوامی بحری راستے کھلے ہیں اور تجارتی سرگرمیاں زور پکڑ رہی ہیں۔‘
بریڈ کوپر نے یہ بھی کہا کہ امریکی افواج نے اس اہم آبی راستے سے گزرنے والے قریباً 15 سو تجارتی بحری جہازوں کو حفاظتی معاونت فراہم کی اور اس کی بدولت قریباً ساڑھے سات سو ملین بیرل خام تیل کی عالمی منڈیوں میں پہنچا۔
 دوسری جانب انہوں نے ایران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کے برعکس جولائی کے وسط میں ناکہ بندی دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے اس نے اپنی بندرگاہوں سے ایک بیرل تیل بھی برآمد نہیں کیا۔‘

بریڈ کوپر کا کہنا تھا کہ ناکہ بندی کی خلاف ورزیپر 75 جہازوں کو واپس جانے پر مجبور کیا گیا (فوٹو: روئٹرز)

ان کے مطابق ’ہماری اجازت کے بغیر کوئی جہاز ایرانی بندرگاہ میں داخل ہوا اور نہ ہی وہاں سے روانہ ہوا، ہم نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر صرف چند جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی۔‘
بریڈ کوپر کا کہنا تھا کہ ناکہ بندی کی خلاف ورزیپر 75 جہازوں کو واپس جانے پر مجبور کیا گیا جبکہ احکانات نہ ماننے والے تین جہازوں کو ناکارہ بھی بنایا گیا۔
 برطانوی خبر رساں ادارے روئٹر کا کہنا ہے کہ جمعرات کو پانچ تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے جن میں دو درمیانے درجے کے اور ایک بڑا گیس بردار جہاز تھا۔
سمندری سفر پر نظر رکھنے والے ادارے کپلر کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار تبدیل ہو سکتے ہیں کیونکہ بعض جہاز سفر کے دوران اپنا ٹرانسپورٹر بند کر دیتے ہیں، جس سے اس کی نقل و حرکت کا سراغ لگانا مشکل ہو جاتا ہے۔

 

شیئر: