الجزائر کے جنگلات میں آتشزدگی سے اموات، سعودی عرب کا اظہار تعزیت
مملکت نے اس المناک واقعہ پر الجزائر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے( فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب نے الجزائر کے شمال مغرب میں واقع جنگلات میں لگنے والی آگ سے ہونے والی اموات پر الجزائر اور اس کے عوام سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اس المناک واقعہ پر الجزائر کے ساتھ مملکت کی یکجہتی کا اظہار کیا۔
بیان میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
یاد رہے کہ الجزائر کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ متعدد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
الجزائر کے وزیر داخلہ سعید سعیود نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
الجزائر میں حالیہ مہینوں کے دوران جنگلات میں آتشزدگی کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی خشک سالی اور شدید گرمی کے ذریعے اس کے اثرات کو بڑھا رہی ہے۔
