حفرالباطن میں آتشزدگی، دو بچوں نے ماں کے ہاتھوں میں دم توڑ دیا
جمعرات 12 فروری 2026 0:02
ایک بچے نے دوسری منزل سے چھلانگ لگا کر جان بچائی اور وہ زخمی ہوا۔ ( فوٹو: سکرین گریب)
حفرالباطن کمشنری کے ایک گھر میں پیر کی شب آتشزدگی کے نتیجے میں دو بچے جان سے گئے جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ دیگر بچے اور والدین محفوظ رہے۔
سعودی شہری نواف العنزی نے بتایا کہ ’رات کے دو یا تین بجے کا وقت تھا کہ اچانک اہلیہ نے مجھے جگایا۔ جیسے ہی آنکھ کھلی، کمرے میں دھواں بھرا ہوا تھا۔‘
العربیہ چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’کمرے میں دھواں دیکھ کر میرے اوسان خطا ہو گئے، جبکہ بجلی بھی نہیں تھی۔ پوری عمارت اندھیرے میں ڈوبی ہوئی تھی۔‘
نواف العنزی کا کہنا تھا کہ ’اہلیہ نے دو چھوٹی بیٹیوں کو میرے حوالے کیا اور نیچے جانے کو کہا۔ دونوں بچیوں کو گود میں لیے نیچے اتر رہا تھا کہ اچانک میرا پاؤں مڑ گیا اور میں بچیوں کے ساتھ گر گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ اہلیہ مجھے نیچے بھیج کر بیٹوں کو کمرے سے نکالنے گئیں، اس نے چھوٹے بیٹے محمد اور عمر کو اٹھایا جبکہ تیسرا بیٹا احمد بھی ساتھ تھا۔ کمرہ دھوئیں سے بھر چکا تھا۔
اسی دوران دونوں بیٹے، محمد اور عمر، ماں کے ہاتھوں میں دم توڑ گئے، جبکہ احمد نے دوسری منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی اور زخمی ہو گیا۔
