خطرے سے دوچار ہاکس بِل کچھوؤں نے فور سسٹرز جزائر کو مسکن کیوں بنایا ہوا ہے؟
فور سسٹرز جزائر میں مرمر، دھرب، ملاتو اور جدیر شامل ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
خطرے سے دوچار ہاکس بِل کچھوؤں نے اللیث کمشنری کے فور سسٹرز جزائر (الاخوات الاربع) جس میں مرمر، دھرب، ملاتو اور جدیر شامل ہیں، کو خوراک حاصل کرنے، افزائش نسل اور انڈے دینے کے لیے اپنا مسکن بنا لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ جزائر مونگے کی چٹانوں، سمندری گھاس کے میدانوں، مینگرووز اور پُرسکون ریتیلے ساحلوں پر مشتمل ایک بھر پور ماحولیاتی نظام فراہم کرتے ہیں۔
بالغ کچھوے اس مسکن میں انڈے دینے کے لیے ٹھہرتے ہیں اور پھر یہاں سے ان کے بچے کھلے سمندر کی جانب اپنا سفر شروع کرتے ہیں۔
بحیرۂ احمر میں مونگے کی چٹانوں اور کچھوؤں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے مطابق فور سسٹرز جزائر سعودی پانیوں میں سمندری کچھوؤں کی سب سے بڑی نیسٹنگ سائٹ ہے جہاں کچھوؤں کی ڈھائی ہزار سے زیادہ نیسٹ سائٹس کو دستاویز کیا گیا ہے۔

ہاکس بل کچھوے جنہیں سائنسی زبان میں ’ایریٹوشیلس امبریکیٹا‘ کہا جاتا ہے، یہاں پائی جانے والی سب سے نمایاں نوع ہے اور اسے انٹرنیشنل فار کنزرویشن آف نیچر کی خطرے سے دوچار انواع کی ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
ہاکس بل کچھوؤں کا نام ان کی تنگ اور نوکیلی چونچ کی وجہ سے رکھا گیا ہے جو ہاکس سے مشابہ ہوتی ہے۔

بحیرۂ احمر کے جزائر میں بھرپور حیاتیاتی تنوع اور قدرتی مسکن کچھوؤں کے انڈے دینے کے لیے سازگار حالات فراہم کرتے ہیں جو لاکھوں سال پر محیط ایک قدیم ارتقائی سفر کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
سمندری کھچوے بحیرۂ احمر کے ماحولیاتی نظام کا ایک اہم جزو ہیں اور علاقے کے حیاتیاتی اور ماحولیاتی توازن میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
