Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان ریزرو میں سیٹلائٹ سے کچھوؤں کی نگرانی

’قبل از گھونسلہ سازی کے مرحلے میں ٹریکنگ آلہ نصب کرنے کی پہلی مستند کارروائی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
شہزادہ محمد بن سلمان رائل ریزرو نے سبز سمندری کچھوؤں اور چونچ نما منہ والے کچھوؤں سیٹلائٹ کے ذریعے سراغ‌ رسانی اور نگرانی کے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق بحیرہ احمر میں سبز کچھوے پر قبل از گھونسلہ سازی کے مرحلے میں ٹریکنگ آلہ نصب کرنے کی پہلی مستند کارروائی ہے۔
اس براہِ راست ٹریکنگ سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار جو سمندری ماحولیاتی تحفظ کے میدان میں اہم پیشرفت ہیں، خطے میں موجود علمی خلا کو پُر کرنے میں مدد دیں گے۔
نیز عالمی سطح پر خطرے سے دوچار انواع کے تحفظ کے لئے متحد اور سرحد پار حکمتِ عملیوں کی تشکیل کی کوششوں کو تقویت پہنچائیں گے۔
شہزادہ محمد بن سلمان رائل ریزرو کے سمندری ماحولیات کے سینئر سائنس دان ڈاکٹر احمد محمد اور جدہ کی کنگ عبد اللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے وابستہ ماہر ڈاکٹر ہیكتور بریوس گاریدو کی زیرِ قیادت ٹیم نے تین چونچ نما منہ والے کچھوؤں اور 7 سبز کچھوؤں جو عالمی تنظیم برائے تحفظِ جانور کے مطابق خطرے سے دوچار ہیں کو پکڑ کر کامیابی سے ان پر ٹریکنگ آلات نصب کئے ہیں۔
یہ آلات کچھوؤں کا حقیقی وقت ڈیٹا فراہم کرتے ہیں جس سے ان کے خوراک تلاش کرنے کے مقامات، ہجرت کی راہیں اور بالخصوص انڈے دینے والی سبز کچھوؤں کی گھونسلہ سازی کے مقامات کی نشاندہی ممکن ہوتی ہے تاکہ انہیں بہترین سطح کا تحفظ اور مؤثر انتظام فراہم کیا جا سکے۔
یہ پروگرام ریزرو کی سمندری ماحول کے تحفظ کے طویل المدتی عزم کی تجدید ہے اور 2023 سے جاری اس کے خصوصی پروگرام جو گھونسلہ سازی کے مقامات کی نگرانی اور حفاظت کے لئے قائم ہے کا تسلسل ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان رائل ریزرو بحیرہ احمر کے 4,000 مربع کلومیٹر سمندری خطے جو سعودی عرب کے علاقائی پانیوں کا 1.8 فیصد ہے کے تحفظ کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہے۔
یہ ملک میں واحد ماحولیاتی اتھارٹی کے زیرِ انتظام سب سے طویل ساحلی پٹی، یعنی 170 کلومیٹر پر محیط ساحل کی نگرانی کرتی ہے جو نیوم اور ریڈ سی انٹرنیشنل کے منصوبوں کو ملاتے ہوئے بحیرہ احمر کے 800 کلومیٹر طویل محفوظ ساحلی خطے کا حصہ بنتا ہے۔
یہ خطہ دنیا میں پائے جانے والے سات میں سے پانچ اقسام کے کچھوؤں کا مسکن ہے اور سبز کچھوؤں اور چونچ نما منہ والے کچھوؤں کی افزائش گاہ شمار ہوتا ہے۔
ریزرو کی ماحولیاتی نگرانی کی ٹیمیں خشکی اور سمندر دونوں میں کچھوؤں کی نقل و حرکت پر نظر رکھتی ہیں تاکہ ان اہم گھونسلہ سازی کے مقامات کا تحفظ کیا جا سکے جہاں وہ اپنی حیاتیاتی جبلت کے تحت دوبارہ واپس لوٹتے ہیں۔

شیئر: