وینزویلا کے ساتھ معاہدہ، 65 ارب بیرل تیل کے ذخائر پر اکثریتی کنٹرول امریکہ کو حاصل ہوگا
ٹرمپ نے وینزویلا کے تیل تک امریکہ کی رسائی یقینی بنانے کی خواہش کبھی نہیں چھپائی (فائل فوٹو: گیٹی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ ان کی انتظامیہ نے وینزویلا کے ساتھ ایک تیل کے بڑے معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے جس کے تحت امریکہ کو 65 ارب بیرل ثابت شدہ تیل کے ذخائر پر اکثریتی کنٹرول حاصل ہوگا۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق صدر ٹرمپ نے اس معاہدے کو ’دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا تیل کا معاہدہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے تحت وینزویلا میں تقریباً 100 ارب ڈالر کی نجی سرمایہ کاری آئے گی۔
امریکی اور وینزویلا کے حکام کے مطابق اس معاہدے کے نتیجے میں وینزویلا میں بڑے پیمانے پر نجی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
وینزویلا دنیا کے سب سے بڑے تیل کے ذخائر کا مالک ہے۔ جنوری میں امریکہ کی جانب سے طویل عرصے سے اقتدار میں رہنے والے حکمران نکولس مادورو کو اقتدار سے ہٹانے اور گرفتار کرنے کے بعد سے وینزویلا کی حکومت ٹرمپ انتظامیہ کے شدید دباؤ اور نگرانی میں کام کر رہی ہے۔
امریکہ نے مادورو کی نائب ڈیلسی روڈریگیز کو اس شرط پر ملک کی عبوری رہنما کے طور پر کام جاری رکھنے کی اجازت دی تھی کہ وہ امریکی پالیسی کے مطابق عمل کریں۔
ٹرمپ نے وینزویلا کے تیل تک امریکہ کی رسائی یقینی بنانے کی خواہش کبھی نہیں چھپائی۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سے امریکہ کے تیل کے ذخائر دوگنے سے بھی زیادہ ہو جائیں گے۔‘
وینزویلا کی عبوری رہنما ڈیلسی روڈریگیز نے بھی اس معاہدے کو ’تاریخی معاہدہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اس سے ملک کی بحالی پر نمایاں اثر پڑے گا۔‘
انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ’اس معاہدے کے تحت 100 ارب ڈالر سے زائد کی ممکنہ سرمایہ کاری اور ریاست کے لیے 209 ارب ڈالر سے زائد ٹیکس ریونیو حاصل ہو سکتا ہے۔‘
ٹرمپ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے نجی کاروباری اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ڈیلسی روڈریگیز کے ساتھ یہ معاہدہ طے کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاہدہ امریکہ اور وینزویلا کے درمیان پہلے سے بہتر ہوتے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ یہ معاہدہ صدر ٹرمپ کی ’جرات مندانہ خارجہ پالیسی‘ کی کامیابی ہے، جس سے خطے میں تیل کے مستحکم اور کم لاگت ذخائر تک رسائی حاصل ہوگی اور امریکہ میں پٹرول کی قیمتیں کم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ’وینزویلا کے عوام کے لیے یہ معاہدہ تقریباً 100 ارب ڈالر کی نجی سرمایہ کاری، ہزاروں زیادہ تنخواہ والی ملازمتوں اور وینزویلا کی معیشت کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔‘
