مکہ میوزیم میں قرآن مجید کے نایاب نسخے کے صفحے کی نمائش
یہ نایاب صفحہ سورۂ مریم کے ایک حصے پر مشتمل ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ کے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں واقع میوزیم میں قرآن مجید کے ایک نایاب نسخے کی نمائش کی جا رہی ہے جو تیسری صدی ہجری کا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ تاریخی اور نایاب صفحہ قرآن مجید کی کتابت کے ابتدائی دور اور اس کی تحفظ کے سفر کو اجاگر کرتا ہے۔
نمائش میں رکھا گیا یہ صفحہ سورۂ مریم کے ایک حصے پر مشتمل ہے جو چمڑے سے بنے ورق (پارچمنٹ) پر سرخ روشنائی سے تحریرکیا گیا ہے۔
اس میں اعراب اور نقطے موجود نہیں جو ابتدائی قرآنی کتابت کی ایک نمایاں خصوصیت ہے۔ یہ اس صفحے کو علمی اور تاریخی لحاظ سے منفرد بناتا ہے۔
یہ مخطوطہ میوزیم کے زائرین کو قرآنی کتابت کے ارتقا اور ابتدائی اسلامی صدیوں کے دوران قرآن مجید کو تحریر کرنے کے لیے استعمال کیے جانے والے طریقوں کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
یہ نایاب قرآنی نسخہ کنگ عبدالعزیز لائبریری کے ذخیرے میں محفوظ ہے جو اسلامی ورثے اور نادر مخطوطات کے تحفظ اور تحقیق کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
قرآن میوزیم، حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کے نمایاں اور ثقافتی مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ میوزیم قرآن مجید کی تاریخ کے ساتھ اس کی کتابت اور تدوین کے مراحل کو اجاگر کرتا ہے۔
