شاہی مہمانوں کے دوسرے گروپ نے کنگ فہد قرآن کمپلیکس کا دورہ کیا
دوسرے گروپ میں 23 یورپ اور ایشیائی ملکوں کے 250 افراد شامل ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کے دوسرے گروپ نے سنیچر کو مدینہ منورہ میں سیرت نبوی اور اسلامی تہذیب کے میوزیم اور کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس کا دورہ کیا جو ان کے ثقافتی پروگرام کا حصہ ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہی مہمانوں کو کنگ فہد کمپلیکس کے دورے میں قرآن کریم کی طباعت کے مراحل، جدید طریقہ کار اور ویریفیکیشن پروسیس سے آگاہ کیا گیا۔ انہیں قرآن کریم کے 80 زبانوں میں تراجم کے لیے ادارے کی کوششوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے اختتام پر مہمانوں کو قرآن کریم کے نسخے اور متعدد زبانوں میں تراجم تحفے کے طور پر پیش کیے گئے۔
سیرت نبوی اور اسلامی تہذیب کے میوزیم میں مہمانوں نے مختلف پویلین کا دورہ کیا، جہاں نبی کریم کی سیرت و کردار، تاریخی نوادرات کے علاوہ مکہ اور مدینہ کی تاریخ کو پیش کیا گیا ہے۔
دوسرے گروپ میں 23 یورپ اور ایشیائی ملکوں کے 250 عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچے ہیں۔
بوسنیا ہر زیگوینا، البانیہ، کوسوو، شمالی مقدونیہ، سربیا، مونٹی نیگرو، یونان، بلغاریہ، رومانیہ، سلووینیا، فرانس، برطانیہ، سپین، جرمنی، آسٹریلیا، سلواکیہ، ایسٹونیا، پولینڈ، سوئٹزر لینڈ، شام، اردن اور عراق کے افراد شامل ہیں۔

یہ اقدام مملکت کے اسلامی ورثے کے تحفظ اور اس کی تہذیبی اہمیت کو اجاگر کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
یاد رہے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ذاتی خرچ پر مختلف ملکوں سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کی منظوری دی ہے۔
