فصل کی کٹائی: الباحہ کے باغات انگور کے خوشوں سے سج گئے
ریجن میں فصل کی پیداوار تقریباً 951 ٹن تاک پہنچ جاتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ ریجن میں انگور کی فصل کی کٹائی کے سیزن میں باغات مختلف رنگوں اور اقسام کے انگوروں کے خوشوں سے سج جاتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ریجن میں 35.59 ہیکٹر رقبے پر کاشت کی جانے والی فصل کی پیداوار تقریباً 951 ٹن تاک پہنچ جاتی ہے۔
الباحہ میں انگور کی کاشت ایک قدیم زرعی روایت ہے جسے یہاں کے متنوع جغرافیائی خطے، زرخیز مٹی اور معتدل موسم سے بھرپور فائدہ ملتا ہے۔
اپنی اقسام اور مختلف پروسیسنگ انڈسٹریز بشمول جوس، جام اور کشمش جیسی مصنوعات کی تیاری میں استعمال کے باعث انگور کو امید افزا فصلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

الباحہ میں انگور کے باغات خطے کے زرعی تنوع کا ایک لازمی حصہ ہیں جو کاشتکاروں کی معاشی مدد کے ساتھ زرعی سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی مصنوعات کی مارکیٹوں میں موجودگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں الباحہ کے علاقے بلجرشی میں ’انگور سٹی‘ پروجیکٹ میں 70 ہزار سے زائد انگور کے درخت موجود ہیں۔ یہ منصوبہ 741,699 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔

اس منصوبے کا مقصد انگور کی فصل کی کٹائی کے بعد خدمات اور مارکیٹنگ کے لیے مکمل نظام فراہم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں انگور کی سالانہ پیداوار 110 ہزار ٹن سے تجاوز کرگئی ہے۔ خود کفالت کی شرح 60 فیصد ہے۔ انگور کی کاشت کا رقبہ 4.7 ہزار ہیکڑ سے زیادہ ہے۔
