چیلنجز اور خطرات سے نمٹنے کے لیے دفاعی انضمام اور مشترکہ فوجی تیاری ضروری ہے: سعودی وزیرِ دفاع
چیلنجز اور خطرات سے نمٹنے کے لیے دفاعی انضمام اور مشترکہ فوجی تیاری ضروری ہے: سعودی وزیرِ دفاع
پیر 31 اگست 2026 15:09
سعودی وزیرِ دفاع نے پیر کو کہا کہ چیلنجز اور خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے سیاسی رابطہ کاری، دفاعی تعاون اور مشترکہ فوجی تیاری ضروری ہے۔
استنبول میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم سٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ خالد بن سلمان نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان سٹریٹجک تعلقات کی گہرائی کو اجاگر کیا۔ یہ تینوں ممالک اس معاہدے کے موجودہ فریق ہیں، جس پر 7 اگست کو دستخط کیے گئے تھے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت موجودہ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا، تاکہ باہمی مفادات کا تحفظ اور رکن ممالک کی قیادت کی خواہشات کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
شرکا نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور موضوعات کا بھی جائزہ لیا اور اجلاس کے ایجنڈے میں شامل متعدد فیصلوں اور سفارشات کی منظوری دی۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے سعودی وفد کی قیادت کی، جس میں سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی بھی شامل تھے۔
اجلاس کے موقع پر سعودی وزیرِ دفاع نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون کا جائزہ لیا اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
عرب نیوز کے مطابق ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ استنبول میں ہونے والے اجلاس میں شریک حکام نے مکہ دفاعی اتحاد کے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل شروع کر دی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس اتحاد کا قیام کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں ہے۔ حاقان فیدان نے مزید کہا کہ نیٹو طرز کا یہ اتحاد اس اصول کے تحت قائم کیا گیا ہے کہ مخصوص شرائط پوری کرنے والے دیگر ممالک بھی اس میں شامل ہو سکتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، سعودی وفد کی سربراہی سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کر رہے ہیں، جبکہ سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وفد میں شامل ہیں۔
اجلاس کے موقع پر سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ترک ہم منصب حاقان فیدان سے بھی ملاقات کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے سعودی عرب اور ترکیہ کے تعلقات اور انہیں باہمی مفادات کے لیے مزید مضبوط اور فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور علاقائی سلامتی اور استحکام کو بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کے موقع پر سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ترک ہم منصب حاقان فیدان سے بھی ملاقات کی۔ (فوٹو: ایس پی اے)
دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے آج استنبول میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم ہونے والی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔ اجلاس میں ان کے ترک اور سعودی ہم منصب بھی موجود تھے
قبل ازیں روئٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ ترک وزارت خارجہ کے ذریعے نے بتایا کہ تینوں ملکوں کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کے ساتھ مسلح افواج کے سربراہان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔