سعودی ولی عہد اور عمان کے فرمانروا کا جدہ میں علاقائی استحکام پر تبادلہ خیال
مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے مواقع پر بھی بات کی گئی( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق نے منگل کو جدہ میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور عمان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے مواقع کے ساتھ علاقائی صورتحال، اس کی سکیورٹی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے حوالے سے کوششوں پر بھی بات کی۔
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر سیاحت احمد الخطیب، وزیر ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس انجینیئر صالح الجاسر، وزیر سرمایہ کاری فہد آل سیف اور دیگر اعلی سعودی حکام بھی موجود تھے۔
سلطان ہیثم بن طارق منگل کو سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے جہاں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا خیر مقدم کیا۔
بعد ازاں سلطان ہیثم بن طارق مختصر دورے کے بعد مملکت سے روانہ ہوگئے، کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی ولی عہد نے انہیں رخصت کیا۔
