سعودی ولی عہد اور صدر میکخواں کی سعودی، فرانسیسی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت
کانفرنس میں سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان 21 معاہدوں کا اعلان کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانس کے صدر ایمونویل میکخواں نے پیرس میں سعودی، فرانسیسی انویسٹمنٹ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں شرکت کی۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت سرمایہ کاری کے زیراہتمام کانفرنس میں دونوں ملکوں کے اعلی حکام، کاروباری رہنماؤں اور بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز نے بھی شرکت کی۔
کانفرنس کا مقصد انویسٹمنٹ شراکت داری کو مضبوط بنانا، ترجیحی شعبوں میں مشترکہ مواقع تلاش کرنا اور دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کے درمیان تعاون کو بڑھانا ہے۔
کانفرنس میں ’مستقبل کے امکانات اور مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال‘ کے عنوان سے ایک نشست کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں سعودی، فرانسیسی بزنس کونسل کے چیئرمینوں نے حصہ لیا۔ تعاون کے مختلف پہلوؤں اور دونوں ملکوں کے نجی شعبے کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے مواقع پر بات کی گئی۔
کاروباری رہنماؤں کے لیے سٹریٹیجک ڈائیلاگ میں ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس سیکٹر کی ترقی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل انفرا سٹرکچر کے ذریعے ڈیجیٹل فیوچر کی تشکیل سمیت اہم موضوعات پر توجہ مرکوز کی گئی۔

کانفرنس میں دونوں ملکوں کے سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان 21 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا اعلان کیا گیا جس میں توانائی صنعت، مالیاتی خدمات،ٹرانسپورٹیشن، لاجسٹکس، ثقافت، صحت اور سیاحت کے شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
یہ معاہدے سعودی عرب اور فرانس کے درمیان تعاون میں اضافے اور سرمایہ کاری کے بھر پور مواقع کی عکاسی کرتے ہیں۔
دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کا آغاز 1926 میں ہوا تھا اور یہ تعلقات ہمیشہ مستحکم رہے ہیں۔ بعد ازاں ان کا دائرہ مختلف شعبوں تک وسیع کیا گیا۔

دسمبر 2024 میں ایک جامع سٹریٹیجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط ہوئے اور سٹریٹیجک پارٹنر شپ کونسل قائم کی گئی جس نے نئے شعبوں میں تعاون کے راستے کھول دیے۔
دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کے باعث یہ شراکت داری مسلسل ترقی کر رہی ہے۔ 2024 میں مملکت میں فرانس کی براہ راست سرمایہ کاری 63.9 ارب ریال تک پہنچ گئی۔ فرانس، مملکت میں براہ راست سرمایہ کاری کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے۔ 2025 میں دونوں ملکوں کے درمیان 2025 میں باہمی تجارت کا حجم 44.2 ارب ریال تک پہنچ گیا۔