Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف میں کراؤن پرنس کیمل فیسٹیول 2026 کا آغاز، 50 ملین ریال کے انعامات

سعودی کیمل ریسنگ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام کراؤن پرنس کیمل فیسٹیول 2026 کا آغاز جعمرات تین ستمبر سے طائف کے تاریخی کیمل سکوائر میں ہو رہا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ فیسٹیول 13 ستمبر تک 11 روز جاری رہے گا جس میں 248 مقابلے منعقد ہوں گے۔ فیسٹیول کے تمام مقابلوں کے لیے مجموعی طور پر 50 ملین ریال سے زائد کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔
فیسٹیول میں سعودی عرب اور بیرون مملکت سے اعلٰی نسل کے اونٹوں کو اکھٹا کیا جائے گا۔
وزیر سپورٹس، سعودی اولمپک اور پیرالمپک کمیٹی کے صدر شہزادہ ترکی عبدالعزیز بن فیصل نے فیسٹیول کے آٹھویں ایڈیشن کی سرپرستی پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ سرپرستی قیادت کی جانب سے سپورٹس کے شعبے پر دی جانے والی توجہ اور سپورٹ کی عکاسی کرتی ہے۔‘
یہ اقدام سپورٹس کو مزید ترقی دینے، مقامی اور بین الاقوامی سطح پر اس کی موجودگی کو مضبوط بنانے اور وژن 2030  کے اہداف کو حاصل کرنے میں معاون ہوگا۔ 
فیسٹیول میں پہلی مرتبہ کراؤن پرنس کیمل فیسٹیول کپ بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے پر پانچ لاکھ  ریال کا انعام دیا جائے گاجبکہ اونٹوں کی خوبصورتی کے مقابلے بھی ہوں گے۔
مختلف زمروں میں مقابلے صبح اور شام کے سیشنز میں منعقد کیے جائیں گے۔ مردوں کے علاوہ خواتین کے لیے بھی مقابلے شامل ہیں۔

فیسٹیول نے اس سے قبل 2018 ،2019 اور 2024 میں چار گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیے تھے۔ اس کے علاوہ فیسٹیول میں دنیا کی سب سے بڑی کیمل ریس منعقد ہوئی تھی۔

 

شیئر: