سعودی کیمل فیڈریشن کی جانب سے سعودیز اونلی کپ کا اعلان
فیڈریشن کے پوائنٹس سسٹم کے تحت پبلک ریسز اور سعودی نسل کے اونٹوں کی ریسز کے فاتحین کو 25، 25 پوائنٹس ملیں گے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کیمل ریسنگ فیڈریشن نے خصوصی طور پر سعودی مالکان کے لیے ایک نئے مقابلے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت کراؤن پرنس کیمل فیسٹیول کپ متعارف کرایا جا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سیزن کے دوران سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والے مالک کو پانچ لاکھ سعودی ریال کا انعام دیا جائے گا۔
طائف کیمل ریسنگ ٹریک پر تین ستمبر سے شروع ہونے والے آٹھویں کراؤن پرنس کیمل فیسٹیول کے دوران پہلی بار اس کپ کی رونمائی کی جائے گی جبکہ 27-2026 کے سیزن میں اس پر پہلا باضابطہ مقابلہ ہوگا۔
فیڈریشن کے پوائنٹس سسٹم کے تحت پبلک ریسز اور سعودی نسل کے اونٹوں کی ریسز کے فاتحین کو 25 پوائنٹس ملیں گے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے کو 20، تیسرے کو 15، چوتھے کو 10 اور پانچویں نمبر پر آںے والے کو 5 پوائنٹس دیے جائیں گے۔ دیگر تمام ریسز میں صرف فاتح کو 10 پوائنٹس ملیں گے اور باقی پوزیشنوں پر کوئی پوائنٹ نہیں دیا جائے گا۔
فیڈریشن نے اس مقابلے کے لیے چار اہم ضوابط بھی جاری کیے ہیں۔ ڈوپنگ ٹیسٹ کے نتائج فائنل ہونے کے بعد ہی ہر فیسٹیول کے اختتام پر پوائنٹس کی باضابطہ تصدیق کی جائے گی۔ سیزن کے دوران اگر کوئی اونٹ فروخت ہوتا ہے یا کسی دوسرے کے نام منتقل ہوتا ہے، تو اس کے حاصل کردہ پوائنٹس ازخود نئے مالک کو منتقل ہو جائیں گے۔
جن مالکان کے اونٹوں میں ممنوعہ ادویات، الیکٹرک شاک ڈیوائسز یا جسمانی حالت کو متاثر کرنے والے کسی دیگر طریقے کے استعمال کا انکشاف ہوگا، انہیں مقابلے سے نااہل قرار دے دیا جائے گا۔

پوائنٹس برابر ہونے کی صورت میں، سب سے زیادہ چیمپیئن شپ ٹائٹل جیتنے والے کا فیصلہ فاتح کے طور پر کیا جائے گا اور اگر پھر بھی برابری رہی تو تیز ترین ریس ٹائم کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ نیا کپ اس کے چیئرمین شہزادہ فہد بن جلوی بن عبدالعزیز بن مساعد کی قیادت میں کی جانے والی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد سعودی مالکان کے درمیان مقابلے کی فضا کو فروغ دینا، ملکی سطح پر اونٹوں کی افزائش کو مضبوط بنانا، اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کی حمایت کرتے ہوئے مملکت کے اونٹوں کی دوڑ کے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنا ہے۔
