ابھینندن ورتھمان نے بطور پائلٹ نجی فضائی کمپنی جوائن کر لی
ابھینندن ورتھمان نے بطور پائلٹ نجی فضائی کمپنی جوائن کر لی
جمعرات 3 ستمبر 2026 8:35
پاکستان نے یکم مارچ 2019 کو انڈیا کے حوالے کیا تھا (فائل فوٹو: پی اے ایف)
2019 میں پاکستان اور انڈیا کی جنگ کے دوران نمایاں ہونے والے انڈین پائلٹ ابھینندن ورتھمان نے فضائیہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ایک نجی فضائی کمپنی کو بطور پائلٹ جوائن کر لیا ہے۔
انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ میں سورسز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ابھینندن 31 مارچ کو آئی اے ایف سے ریٹائر ہوئے اور اگست میں فلائی 91 نام کی فضائی کمپنی کے ساتھ بطور پائلٹ منسلک ہوئے۔
فلائی 91 ایک انڈین کمپنی ہے جس نے مارچ 2024 میں سروس شروع کی تھی۔ اس کے پاس اس وقت چھ اے ٹی آر طیارے موجود ہیں اور یہ دو مراکز گووا اور حیدر آباد سے پروازیں چلاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جب اس بارے میں موقف جاننے کے لیے فلائی 91 کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ابھینندن کی جوائننگ پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین سے متعلق معلومات پرائیویت نوعیت کی ہوتی ہیں۔
خیال رہے فروری 2019 کے اواخر میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایک فضائی جھڑپ ہوئی تھی جس میں ابھینندن بھی ان انڈین جہازوں میں سے ایک کو اڑا رہے تھے جنہوں نے پاکستان کے شہر بالاکوٹ میں ایک ہدف پر حملہ کیا تھا۔
وہ اس وقت ونگ کمانڈر کے عہدے پر فائز تھے اور مگ 21 بائیسن اڑا رہے تھے، تاہم اس وقت جہاز سے ایجیکٹ کرنا پڑا جب وہ ایک میزائل کی زد میں آیا۔
ابھینندن ورتھمان قریباً 60 گھنٹے پاکستانی فوجی کی حراست میں رہے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
پیراشوٹ کی مدد سے وہ جس علاقے میں اترے وہ پاکستان کی حدود میں آتا تھا، جس پر ان کو پاکستانی فورسز نے گرفتار کر لیا تھا وہ قریباً 60 گھنٹے تک پاکستانی فوج کی حراست میں رہے جبکہ بعدازاں یکم اگست کو انڈیا کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
انڈیا کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے بھی یہ واقعہ کافی اہمیت کا حامل ہے اور اس کے دوران ہی ابھینندن کی وہ تصویر بھی سامنے آئی اور وائرل ہوئی جس میں ان کے ہاتھ چائے کا کپ تھا جبکہ ساتھ ہی ان کا یہ جملہ بھی بہت مشہور ہوا ’دی ٹی از فینٹیسٹک‘۔
اسی طرح پچھلے برس مئی میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی جنگ کے دنوں میں بھی ابھینندن سے متعلق میمز ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ابھر کر سامنے آئی تھیں۔
انڈیا واپس پہنچنے کے بعد انڈین حکومت کی جانب سے ابھینندن ورتھمان کو وہاں کے فوجی اعزاز ویر چکر سے نوازا گیا تھا۔