پرائیویٹ حج سکیم کے پیکیج 14 لاکھ سے ساڑھے 37 لاکھ روپے تک
پیکیج کے انتخاب اور ادائیگی کی آخری تاریخ 20 نومبر ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور کی ہدایات پر رواں سال پرائیویٹ حج سکیم کے تحت حج پیکیج پورٹل پر اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔ پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ میں تیزی آگئی۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے تحت عازمین کو اپنی ضروریات، ترجیحات اور بجٹ کے مطابق 16 بنیادی حج پیکیج میں سے انتخاب کی سہولت فراہم کی گئی ہے، ان کی قیمتیں 14 لاکھ روپے سے ساڑھے 37 لاکھ روپے تک ہیں۔
ترجمان نے بتایا پرائیویٹ حج سکیم میں عازمین کو مختصرترین دورانیے کے حج پیکیج کے انتخاب کے ساتھ بیرون ملک سے سعودی عرب کے لیے براہِ راست پروازوں اور فائیو سٹار حج پیکیج کے انتخاب کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
اس سہولت سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور اپنی ترجیحات کے مطابق حج ادا کرنے کے خواہشمند عازمین کو مختلف آپشنز میں سے انتخاب کا موقع ملے گا۔
پرائیویٹ عازمینِ حج پیکیجز کی تمام تفصیلات اور شرائط کا جائزہ لینے کے بعد موزوں پیکیج کا انتخاب مکمل کریں تاکہ بعد میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزارتِ نے واضح کیا کہ پرائیویٹ عازمینِ حج پیکیج کا انتخاب اور ادائیگی صرف اور صرف حج پورٹل کے ذریعے کریں۔ کسی فرد، ایجنٹ یا کمپنی کو براہِ راست رقم کی ادائیگی سے گریز کیا جائے۔
ترجمان نے کہا کسی فرد یا کمپنی کو براہِ راست رقوم کی ادائیگی کی صورت میں وزارتِ مذہبی امور کسی بھی مالی نقصان کی ذمہ دار نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ پرائیویٹ حج سکیم کے لیے 71 ہزار 684 نشستیں مختص ہیں۔ پیکیج کے انتخاب اور ادائیگی کی آخری تاریخ 20 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
