Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ہاکی ٹیم نارنجی کٹ پر تنقید کے بعد دوبارہ نیلی وردی میں

انڈین ٹیمیں ایشیائی کھیلوں میں نیلا رنگ بنیادی کٹ کے طور پر پہنیں گی (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی فیلڈ ہاکی ٹیمیں حالیہ ورلڈ کپ میں نارنجی کٹ پر تنقید کے بعد اس ماہ ایشیائی کھیلوں میں اپنی روایتی نیلی جرسیوں میں واپس آ رہی ہیں۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بیلجیم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں رنگ کی تبدیلی نے ہاکی انڈیا کے حکام اور سابق کھلاڑیوں کو ناراض کر دیا تھا۔
چمکدار نارنجی زعفرانی رنگ ہندو قوم پرستی سے منسلک ہے، جسے انڈیا کی حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) فروغ دیتی ہے۔
اب مردوں اور خواتین کی قومی ٹیمیں 19 ستمبر کو جاپان کے ناگویا-آئچی میں شروع ہونے والے ایشیائی کھیلوں میں نیلا رنگ بنیادی کٹ کے طور پر پہنیں گی۔
انڈین ہاکی کے صدر دلیپ ترکے نے منگل کو نئی دہلی میں ایشیائی کھیلوں کے لیے منعقدہ تقریب میں صحافیوں کو بتایا کہ ’ورلڈ کپ سے پہلے بھی مجھ سے اس بارے میں پوچھا گیا تھا اور اس وقت میں نے کہا تھا کہ یہ مستقل فیصلہ نہیں ہے۔ ہم دوبارہ نیلا پہن رہے ہیں۔ دونوں ٹیمیں ایشیائی کھیلوں میں نیلا پہنیں گی، یہ طے ہو گیا ہے۔ زعفرانی دوسرا رنگ ہوگا۔‘
ترکے نے پہلے کہا تھا کہ انہیں زعفرانی رنگ کی تبدیلی پر اعتماد میں نہیں لیا گیا، جسے بعض لوگوں نے سیاسی طور پر متاثرہ اقدام سمجھا۔ سابق انڈین کپتانوں پرگٹ سنگھ، دھنراج پلے، اجیت پال سنگھ اور ویرن رسکوینہ نے بھی اس فیصلے کی مذمت کی تھی کہ انڈیا کی ہاکی سے جڑے دیرینہ رنگ کو چھوڑا جا رہا ہے۔
مردوں کی ٹیم ورلڈ کپ میں آٹھویں نمبر پر رہی اور جاپان میں ایشیائی کھیلوں کا تاج بچانے کے لیے میدان میں اترے گی۔ گولڈ میڈل جیتنے سے 2028 اولمپکس کے لیے کوالیفکیشن یقینی ہو جائے گی۔ خواتین کی ٹیم گزشتہ ایشیائی کھیلوں میں حاصل کردہ کانسی کے تمغے سے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔

 

شیئر: