قونصل جنرل نے حوثی حملے میں زخمی پاکستانیوں کی عیادت کی
تمام متاثرہ پاکستانی کی حالت بہتر ہے اور وہ روبہ صحت ہیں ( فوٹو: پاکستان قونصلیٹ)
جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل مصطفی ربانی نے بدھ کو جازان ریجن میں حوثیوں کے حملوں میں زخمی ہونے والے پاکستانیوں کی خیریت دریافت کی۔
قونصل جنرل نے ریجن کے بیش جنرل ہسپتال، صبیا ہسپتال اور کنگ فہد ہسپتال کا دورہ کیا اور زیر علاج شہریوں سے ملاقات کی۔
قونصلیٹ سے جاری بیان کے مطابق قونصل جنرل نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے وزیراعظم کے وژن کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کی ہدایت پر جازان کا دورہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ تمام متاثرہ پاکستانی کی حالت بہتر ہے اور وہ روبہ صحت ہیں۔
قونصل جنرل نے پاکستانی شہریوں کو قونصلیٹ کی جانب سے بھر پور سپورٹ اور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
قونصلیٹ کی ٹیم نے ہسپتال انتظامیہ سے بھی ملاقات کی۔ مریضوں کو فراہم کی جانے والی مثالی میڈیکل کیئر اور توجہ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان قونصلیٹ جنرل نے بہترین نگہداشت اور سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل ٹریٹمنٹ پر سعودی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔

یاد رہے کہ اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا تھا کہ حوثی حملوں کے نتیجے میں سعودی عرب کے مختلف شہروں میں خواتین اور بچوں سمیت 70 سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
