ریاض میں پاکستانی طلبہ کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ، 235 امیدوار شریک
اتوار 20 ستمبر 2026 10:42
امتحان میں 80 طلبہ اور 155 طالبات شریک ہیں (فوٹو: راپکسل)
پاکستان میں جہاں ہزاروں طلبہ میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ کا امتحان دے رہے ہیں وہیں مشرق وسطیٰ میں مقیم پاکستانی طلبہ کے لیے سعودی دارالحکومت ریاض میں بھی ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا خصوصی مرکز قائم کیا گیا ہے۔
ریاض میں پاکستان انٹرنیشنل سکول الوشم میں قائم ٹیسٹ سینٹر میں سعودی عرب کے علاوہ بحرین، کویت، عمان اور متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے 235 پاکستانی طلبہ ایم ڈی کیٹ کا امتحان دے رہے ہیں۔
امتحان میں 80 طلبہ اور 155 طالبات شریک ہیں۔ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے انعقاد اور نگرانی کے لیے پاکستان سے خصوصی ٹیم بھی سعودی عرب پہنچی ہے جو امتحانی عمل کی نگرانی سمیت دیگر انتظامی امور انجام دے رہی ہے۔
اس موقع پر سفارتخانہ پاکستان کے افسران اور پاکستان انٹرنیشنل سکول کی انتظامیہ بھی ٹیسٹ کے انتظامات، طلبہ کی رہنمائی اور دیگر امور میں تعاون کر رہی ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل سکول الوشم کے پرنسپل پروفیسر انوارالحق کا کہنا ہے کہ مڈل ایسٹ میں مقیم پاکستانی طلبہ کی سہولت کے لیے گزشتہ برس سے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے دارالحکومت ریاض میں سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جو بڑی کامیابی کے ساتھ امیدواروں کو سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
مڈل ایسٹ میں مقیم پاکستانی طلبہ کے لیے ریاض میں ایم ڈی کیٹ مرکز کا قیام انہیں پاکستان میں میڈیکل تعلیم کے حصول کے لیے داخلہ عمل میں براہِ راست شرکت کا موقع فراہم کر رہا ہے۔