جدہ: انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں پاکستانی طلبہ نے تین میڈل اپنے نام کیے
پاکستان نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کے چوتھے ایڈیشن کی میزبانی کرے گا( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ (آئی این ایس او 2026) کے تیسرے ایڈیشن میں پاکستانی طلبہ نے تین اعزازات اپنے نام کیے ہیں۔
یہ ایونٹ کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی میں 2 سے 9 اگست تک ’ایک روشن مستقبل کے لیے روشن ذہن‘ کی تھیم کے تحت منعقد کیا گیا۔
انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں 19 ملکوں سے 120 طلبہ اور ماہرین نے شرکت کی،سعودی عرب، پاکستان، چین، جاپان، روس، ترکیہ، ملائیشیا، انڈونیشیا اور دیگر شامل تھے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی سرپرستی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینیئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) کے تحت منتخب کیے جانے والے طلبہ نے اولمپیاڈ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طالب علم محمد علی نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ایف جی سر سید کالج دی مال، راولپنڈی کے محمد عثمان اور نکسر کالج کراچی کی سیرت فاطمہ بھٹی نے سلور میڈل جیتے۔

سندر سٹیم سکول لاہور کے سید شجاع حیدر نے بھی اولمپیاڈ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
اولمپیاڈ ہائی سکول کے طلبہ کو جوہری سائنس سے متعلق معلومات اور صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے اور دنیا بھر کے نوجوان محققین کے درمیان سائنسی مہارت، جدت اور باہمی تعاون کو فروغ دیتا ہے۔

نوجوان طلبہ کو جوہری سائنس اور اس کے پُرامن استعمال کے بارے میں اپنی علمی صلاحیت اور فہم کے اظہار کا موقع فراہم کرتا ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان 2027 میں انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کے چوتھے ایڈیشن کی میزبانی کرے گا۔ تیسرے ایڈیشن کے اختتام پر سعودی عرب نے میزبانی پاکستان کے حوالے کی۔
