مدینے کی وہ مساجد اور مقامات جہاں نبی اکرمﷺ نے نماز ادا کی
اتوار 4 اکتوبر 2026 22:17
کنگ عبدالعزیز فاونڈیشن نے ایک تاریخی میپ شائع کیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
کنگ عبدالعزیز فاونڈیشن فار ریسرچ اینڈ آرکائیوز نے ایک تاریخی میپ شائع کیا ہے جس میں مدینہ منورہ کے ان نمایاں مساجد اور مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں نبی اکرم ﷺ نے نماز ادا کی تھی۔
ایس پی اے کے مطابق میپ میں مدینہ منورہ کے مختلف علاقوں کی مساجد جن میں مسجد الفتح، مسجد بنی حارثہ، مسجد بنی سلمہ (مسجد قبلتین) مسجد بنی حرام، مسجد جھینہ‘ مسجد بنی زریق، مسجد اور مصلی الغمامہ، مسجد السقیا، مسجد بنی خدرۃ کے علاوہ مختلف مقامات شامل ہیں جہاں نبی آخر الزمان نے مختلف اوقات میں نمازیں ادا کیں۔
اس میپ کو کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن کی جانب سے ضیوف الرحمان کی خدمت پروگرام کے حوالے سے جاری اقدامات کے تحت شائع کیا گیا ہے جو سعودی وژن 2030 کے پروگرام کا حصہ ہے۔
یہ میپ سیرت نبوی اور مدینہ منورہ کی تاریخ میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے قیمتی دستاویز ہے جس سے وہ ان تاریخی مقامات کا تعین اور شہر کی اصل حدود میں ان کی جغرافیائی تقسیم کا جائزہ لے سکتے ہیں۔

اس کا مقصد مدینہ منورہ کے تاریخی و جغرافیائی مقامات کی وضاحت کرنا ہے تاکہ زائرین کو شہرِ مقدس کے ان مقامات کے بارے میں جامع معلومات فراہم کی جاسکیں۔
