روحانی ماحول: مدینہ منورہ میں زائرین کے لیے اعلی معیار کی جامع خدمات
خدمات مسجد قبا اور جبل احد سمیت اہم تاریخی مقامات تک پھیلی ہوئی ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ میں حکومت اور خدماتی ادارے زائرین اور مسجد نبوی میں آنے والوں کے آرام، سیفٹی اور روحانی افزودگی کو یقینی بنانے کے لیے اعلی معیار کی جامع خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
مسجد میں چوبیس گھنٹے فیلڈ آپریشنز جس میں کراؤڈ مینجمنٹ، سینیٹائزیشن، آب زمزم کی تقسیم اور کلائمنٹ کنٹرول شامل ہیں جبکہ مسجد نبوی کے اطراف شہری منظر نامے کو بہتر بنایا گیا ہے، پیڈسٹرین واک ویز، سایہ دار مقامات اور معذور افراد کے لیے قابل رسائی راستے بھی موجود ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق زائرین کی آمد و رفت کو منظم رکھنے کے لیے سکیورٹی، ٹریفک اور میونسپل ٹیمیں مسلسل کام کررہی ہیں اس کے علاوہ مہمان نوازی کے مراکز اور تجارتی شعبوں کی فیلڈ نگرانی کے ذریعے بھی خدمات کے معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
یہ جامع خدمات مسجد قبا اور جبل احد سمیت اہم تاریخی مقامات تک پھیلی ہوئی ہیں جو زائرین اور حجاج کے سفر کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔

یاد رہے مسجد نبوی میں حال ہی میں کمانڈ اینڈ کنٹرول کے لیے سمارٹ انجینیئرنگ سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔
سمارٹ انجینیئرنگ سینٹر کے ذریعے مسجد نبوی میں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار اور کارکردگی کی ڈیجیٹل نگرانی کی جا رہی ہے۔

سمارٹ سینٹر کا مقصد جدید اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے زائرین کو خدمات کے حوالے سے منفرد تجربہ فراہم کرنا ہے۔
