مدینہ منورہ: مہمان نوازی کے مراکز میں رہائش کی شرح سعودی شہروں میں سب سے زیادہ
جمعرات 23 جولائی 2026 21:35
مدینے میں لائسنس یافتہ سیاحتی رہائشی مراکز کی تعداد 661 تک پہنچ گئی( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے تمام شہروں کے مقابلے میں اس سال کی پہلی سہ ماہی میں مدینہ منورہ کے مہمان نوازی مراکز میں رہائش کی شرح سب سے زیادہ 82 فیصد ریکارڈ کی گئی جو اس منزل کی مضبوط ڈیمانڈ کو ظاہر کرتی ہے۔
وزارت سیاحت کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے اس عرصے میں ہوٹلوں کا اوسط یومیہ کرایہ 453 ریال رہا جبکہ ’دستیاب کمرہ آمدنی‘ 372 ریال تک پہنچ گئی، جو زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد اور انہیں خدمات فراہم کرنے والے شعبے کی استعداد کی عکاسی کرتی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مدینہ منورہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے سالِ رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران مہمان نوازی کے شعبے کی کارکردگی میں مسلسل بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ پہلی سہ ماہی کے اختتام تک مدینہ منورہ میں لائسنس یافتہ سیاحتی رہائشی مراکز کی تعداد 661 تک پہنچ گئی جبکہ لائسنس یافتہ کمروں کی مجموعی تعداد 80 ہزار 223 تک ریکارڈ کی گئی، جو مملکت کی سطح پر لائسنس یافتہ کمروں کی مجموعی تعداد کا تقریبا 15 فیصد ہے۔
یہ سیاحت میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری اور خطے کے مہمان نوازی کے انفرا سٹرکچر کی مسلسل توسیع کی عکاسی ہے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے یہ نتائج متعلقہ اداروں کے درمیان موثر تعاون کا نتیجہ ہیں، ایک عالمی منزل کے طور پر مدینے کی مقبولیت کو بڑھاتے ہیں۔ اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالتے ہیں اور معیار زندگی کو بہتر بناتے ہیں۔
