مکہ ریجن سمیت کئی علاقوں میں بدھ تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ
ہفتہ 10 اکتوبر 2026 18:18
ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے کئی علاقوں میں سنیچر سے بدھ تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
سعودی نیشنل سینٹر فار میٹریالوجی نے بدھ تک مکہ ریجن کے کئی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
بارش کے باعث اچانک سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ ریجن کے دیگر علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
جازان، عسیر، باحہ، تبوک، الجوف، نجران اور حدود الشمالیہ ریجن بھی درمیانے درجے سے شدید بارش کی زد میں رہیں گے۔ اچانک سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
مدینہ منورہ، حائل اور نجران ریجن میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
بیان کے مطابق سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پرعمل کیا جائے۔
