Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارش کے بعد جازان کی ’وادی الجنیہ‘ کا قدرتی حسن دوبالا

وادی فوٹوگرافی اور تفریح کے شوقین افراد کے لیے مثالی مقام ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن کی الدائرکمشنری میں واقع ’وادی الجنیہ‘ میں ہونے والی بارش کے بعد قدرتی حسن نکھر کر سامنے آ گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وادی کے سیڑھی نما کھیت، پہاڑی بستیاں، شدن کے درختوں اور گھنے سبزہ زاروں کا حسین امتزاج ایسے پُرسکون مناظر پیش کررہے ہیں جن سے سیاح از خود ان کی جانب متوجہ ہوجاتے ہیں۔
وادی الجنیہ کا نام زمانہ قدیم سے ہی رائج ہے، جو نسل درنسل منتقل ہوتا آ رہا ہے جو اس مقام کی شناخت اور جغرافیائی یادداشت کا حصہ بن چکا ہے۔
بارشوں کے موسم میں وادی کی نباتات دھل کر تازہ ہو جاتی ہیں اور پہاڑوں کی ڈھلوانیں سبزے سے ڈھک جاتی ہیں، گھومتی و بل کھاتی سڑکیں پہاڑی ڈھلوانوں اورسیڑھیوں کے درمیان سے گزرتی ہیں، جبکہ وادی کی چوٹیوں اور کناروں پر بکھرے دیہات و کھیت اس خطے کی قدیم دیہی زندگی کی جھلک پیش کرتے ہیں۔
بارش برستے ہی پہاڑی ڈھلوانوں سے پانی اتر کر ندی، نالوں اور وادی کے قدرتی راستے میں بہنے لگتا ہے، جس سے زرعی سیڑھیاں اور کھیت سیراب  اور نباتات مزید گھنی ہو جاتی ہیں۔

وادی  سے گزرتی بل کھاتی سڑکیں دلکش مناظر پیش کرتی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

یہی مناظر فوٹوگرافی کے شوقین افراد کو بھی اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں، جو بہتے پانی، پیچیدہ پہاڑی راستوں اور بلند مقامات سے نظر آنے والے دیہات کے مناظر اپنے کیمروں میں محفوظ کرتے ہیں۔
وادی کا دلکش منظر اس کے نشیبی حصے سے پہاڑوں کی چوٹیوں تک پھیلا ہوا ہے، جہاں مٹی کو محفوظ رکھنے اور بارش کے پانی سے فائدہ اٹھانے کے لیے مختلف سطحوں پر زرعی سیڑھیاں تعمیر کی گئی ہیں۔ یہ نظام پہاڑی ماحول کے ساتھ انسان کے دیرینہ تعلق اور خطے کے زرعی ورثے کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
وادی میں کافی اور آم کے باغات بھی موجود ہیں، جبکہ مختلف اقسام کے پودوں اور قدرتی درختوں سے فائدہ اٹھانے والی شہد کی مکھیوں کی پرورش کے مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

سیڑھی نما کھیت بارش کے پانی سے سیراب ہوتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

پہاڑوں اور دیہات کے درمیان بل کھاتے راستے، خصوصاً بارش کے موسم میں سیر و تفریح اور فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے پرکشش بن جاتے ہیں۔
وادی الجنیہ، الدائر کمشنری کے نمایاں قدرتی مقامات میں شمار ہوتی ہے، جہاں سبزہ زار، پہاڑی کھیت اور پُرسکون بستیاں مل کر جازان کے قدرتی اور سیاحتی حسن کی ایک خوبصورت تصویر پیش کرتی ہیں۔

شیئر: