سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں سنیچر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ
مکہ ریجن کے کئی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش کا امکان ہے ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں سنیچر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
سعودی نیشنل سینٹر فار میٹریالوجی نے مکہ ریجن کے کئی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
بارش کے باعث اچانک سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
جازان، عسیر اور الباحہ ریجن درمیانے درجے سے شدید بارش کی زد میں رہیں گے۔ اچانک سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
مدینہ منورہ، حائل، الشرقیہ، تبوک، حدود الشمالیہ اور نجران ریجن ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کی زد میں رہیں گے۔
ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
بیان کے مطابق سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پرعمل کیا جائے۔
