Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد سے ترکیہ، لبنان کے صدور اور جرمن چانسلر کے رابطے، حوثیوں کے حملوں کی مذمت

عالمی رہنماؤں کا کہنا تھا حملے مملکت کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے منگل کو لبنان کے صدر جوزف عون، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان اور جرمنی کے چانسلر فریڈرک مرز نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق لبنانی صدر نے سعودی عرب اور اس کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت کی جو اس کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
انہوں نے لبنان کی جانب سے مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی، اس کی سلامتی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے والی ہر چیز کے خلاف سپورٹ کا اعادہ کیا۔
ترکیہ کے صدر نے مملکت کے خلاف حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی اور انہیں مسترد کیا۔
انہوں نے حملوں میں ہونے والی اموات پر ولی عہد سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔
صدر اردوغان نے ترکیہ کی جانب سے مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی، اس کی سلامتی کے تحفظ اور استحکام کے لیے تمام اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
جرمن چانسلر نے مملکت کی سلامتی اور استحکام کو نشانہ بنائے جانے والے حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی۔ جرمنی کی جانب سے مملکت کے ساتھ یکجہتی اور سپورٹ کا اعادہ کیا۔
انہوں نے سعودی عرب اور جرمنی کے درمیان تعاون کے پہلوؤں اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 

شیئر: