وادی علیب نیشنل پارک: ’سیر و تفریح کے شوقین افراد کے لیے پُرکشش مقام‘
وادی علیب مغرب کی سمت ساحلی میدانوں تک پھیلی ہوئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ ریجن کی اللیث کمشنری میں وادی علیب نیشنل پارک قدرتی تنوع اور تاریخی ورثے کا حسین امتزاج ہے۔ اس پارک میں منفرد زمینی ساخت اور چٹانی تشکیلوں کے ساتھ مقامی پودے اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وادی علیب سرواۃ کے بلند پہاڑی سلسلے کے مشرقی جانب سے شروع ہو کر مختلف چٹانی ساختوں کے درمیان سے عبور کرتی ہوئی مغرب کی سمت ساحلی میدانوں تک پھیلی ہوئی ہے جو بحیرۂ احمر تک پہنچتی ہے۔
وادی کے اطراف میں پھیلے ’اراک‘ کے درخت قدرتی جنگلات کی شکل اختیار کیے ہوئے ہیں جو علاقے کو ایک منفرد ماحولیاتی حس عطا کرتے ہیں اور اسے فطرت سے محبت، سیر و تفریح اور قدرتی مناظر کی تلاش کے شوقین افراد کے لیے پرکشش مقام بناتے ہیں۔
پارک کے نمایاں تاریخی مقامات میں قلعہ عقیرب شامل ہے۔ یہ دومنزلہ پتھریلی تاریخی عمارت ہے جس میں موجود تنگ دریچے قدیم دفاعی طرزِ تعمیر کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہ قلعہ اس بات کی بھی مثال ہے کہ قدیم دور میں انسان نے علاقے کی قدرتی جغرافیائی ساخت اور دشوار گزار زمین سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دفاعی تنصیبات تعمیر کیں اور اپنی حفاظت کا انتظام کیا۔
قلعہ ’عقیرب‘ تاریخی اور ثقافتی اعتبار سے خاص اہمیت کا حامل ہے جس کے باعث اس کی دستاویز بندی اور تعمیراتی خصوصیات کے سائنسی مطالعے کی ضرورت ہے۔

ایسے اقدامات خطے کی تاریخ سے نئی نسل کو متعارف کرانے اور اس کے تاریخی ورثے کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
ماحولیاتی اعتبار سے اللیث میں واقع علیب نیشنل پارک، نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کی نگرانی میں ماحولیاتی اور سیاحتی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم اور امید افزا مقام کے طور پر ابھر رہا ہے۔
موسمِ بہار میں پارک شہد فارمنگ کے لیے باعثِ کشش ہے۔ یہاں جنگلی اور موسمی پھولدار پودوں کی کثرت ہے جو شہر کی مکھیوں کو قدرتی رس فراہم کرنے کا بنیادی ذریعہ ہوتے ہیں۔
