سرسبز کھیتوں اور دلکش پہاڑی مناظر کی وادی قریٰ
یہ وادی بیش کمشنری کے شمال مشرق میں 32 کلو میٹر دوری پر واقع ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن کی وادیاں اپنے قدرتی حسن، بلند و بالا پہاڑی سلسلوں، گھنے درختوں اور زرعی زمینوں کے باعث متنوع سیاحتی تجربہ پیش کرتی ہیں۔
ان دلکش مقامات میں بیش کمشنری کے مرکز الحقو کی وادی قریٰ نمایاں ہے جو اپنے سرسبز کھیتوں اور دلکش پہاڑی مناظر کے باعث دیہی سیاحت کے لیے منفرد مقام ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ وادی بیش کمشنری کے شمال مشرق میں تقریباً 32 کلو میٹر اور صبیا کمشنری سے تقریباً ایک سو کلومیٹر دوری پر واقع ہے۔
یہ وادی پہاڑی علاقوں سے گزرتے ہوئے مرکز الحقو اور مرکز الفطیحہ کے گرد ونواح تک پھیلی ہوئی ہیں جہاں پہاڑی ڈھلوانیں بتدریح ہموار میدانوں میں تبدیل ہوتی دکھائی دیتی ہیں۔
وادی کی نمایاں خصوصیات میں ’دوم‘ کے درخت شامل ہیں جو مختلف مقامات پر جھنڈ کی صورت میں پھیلے ہوئے ہیں اور اپنے گھنے سایے کے ماحول کے حسن میں اضافے کا باعث ہیں۔

یہاں سدر، سلم اور سمر کے درخت بھی بکثرت پائے جاتے ہیں جو وادی کے قدرتی نباتاتی مناظر کی دلکشی میں اضافہ کرتے ہیں۔
وادی کے اطراف زرخیز اراضی قدیم زمانے سے مقامی آبادی کی زرعی سرگرمیوں کا اہم حصہ رہی ہیں۔ اس کی زرخیز مٹی نے نسلوں سے مقامی زراعت کو سہارا دیا ہے۔

بارشوں کے بعد وادی کے کناروں کے ساتھ پھیلے ہوئے کھیتوں کی ہریالی میں اضافہ ہو جاتا ہے جبکہ بلند مقامات سے وادی، پہاڑی ڈھلوانوں اور قدرتی راستوں کے خوب صورت مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
سیاح بارش اور خوشگوار موسم کے دوران یہاں کے کھلے مقامات پر فطرت اور پرسکون ماحول میں وقت گزار سکتے ہیں۔
